راجوری میں محبوس بند جماعت اسلامی لیڈر | رہائش گاہ کے قریب پولیس کااعلان

عظمیٰ نیوز سروس

راجوری// راجوری میں جموں و کشمیر پولیس کی ٹیم نے جیل میں بند جماعت اسلامی رہنما کے گھر کے قریب اعلان کیا اور لوگوں کو متنبہ کیا کہ وہ کالعدم جماعت اسلامی کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعلق رکھنے سے باز رہیں۔جماعت اسلامی پر حکومت ہند نے 2019میں پابندی عائد کردی تھی اور اس کے تمام اداروں، اتحادی اداروں کو بند کرنے کا حکم دیا گیا تھا جس کے ساتھ جماعت اسلامی سے وابستہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔راجوری میں محبو س امیر محمد شمسی @ عرف مولوی شمسی ساکنہ رتل، چودھری ناڑ بھی کالعدم تنظیم سے وابستہ تھا جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔پیر کے روز، حکام نے کہاکہ پولیس سٹیشن راجوری کی ایک ٹیم نے جیل میں بند جماعت اسلامی رہنما کے گھر کا دورہ کیا اور لوگوں کو پابندی کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے اعلان کرنے کے لیے ڈرم کا استعمال کیا۔انہیں (علاقے کے لوگوں) کو بھی متنبہ کیا گیا کہ وہ کالعدم تنظیم یا اس سے وابستہ کسی بھی شخص سے کوئی تعلق نہ رکھیں۔