کابل //یو این آئی) خانہ جنگی کا شکار افغانستان میں تشدد کے واقعات کم ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ غیر ملکی افواج کے انخلاء کے اعلان کے بعد سے تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اسی کڑی میں افغانستان میں میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے خواتین و بچوں سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے۔یہ واقعہ مغربی صوبے بادغیس میں پیش آیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق بم کے ذریعے بس کو نشانہ بنانے کا واقعہ مغربی صوبے بادغیس میں پیش آیا، جس سے امریکی فوج کے افغانستان سے مکمل انخلا سے قبل کشیدگی میں اضافے کا خدشہ بڑھا ہے۔ایجنسی کے مطابق کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم بادغیس کے گورنر حسام الدین شمس نے طالبان پر بم نصب کرنے کا الزام عائد کیا۔ تاہم طالبان کی جانب سے اس الزام پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔