عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/مرکزی وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو نے بدھ کے روز نئی دہلی میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ساتھ ملاقات کے بعد جموں-سرینگر وندے بھارت ایکسپریس کے لیے اننت ناگ میں نئے تجارتی اسٹاپ کا اعلان کیا۔جاری ایک بیان کے مطابق ملاقات میں جموں و کشمیر میں جاری اور مستقبل کے ریلوے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن کا مقصد رابطوں کو مضبوط بنانا اور اقتصادی ترقی کو تیز کرنا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اننت ناگ میں وندے بھارت ایکسپریس کے قیام سے مسافروں، سیاحوں اور تاجروں کو فائدہ ہوگا اور کشمیر کے ایک اہم اقتصادی و ثقافتی مرکز تک رسائی مزید بہتر ہوگی۔
ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر میں بھارتی ریلوے کی جانب سے کیے جا رہے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وندے بھارت سروس نے جموں اور سرینگر کے درمیان سفر میں نمایاں تبدیلی لائی ہے، جس سے سفر کا دورانیہ کم ہوا اور مسافروں کو بہتر سہولیات میسر آئیں۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے نیٹ ورک سیب، چیری اور سیمنٹ سمیت دیگر سامان کی ترسیل میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے، جس سے مقامی کسانوں اور تاجروں کو اپنی مصنوعات وسیع منڈیوں تک پہنچانے میں مدد مل رہی ہے۔بیان کے مطابق مرکزی وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو نے جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے حکومتِ ہند کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اننت ناگ میں نئے اسٹاپ کا فیصلہ عوامی توقعات کو پورا کرنے اور بہتر بنیادی ڈھانچے و رابطوں کی فراہمی کی کوششوں کا حصہ ہے۔
اشونی ویشنو اور عمر عبداللہ کی ملاقات، اننت ناگ کے لیے بڑی خوشخبری