جموں//ریاستی اسمبلی کو فوری طور پر تحلیل کئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے نیشنل پینتھرز پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف سے اسمبلی اراکین کی خرید و فروخت کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں تا کہ حکومت تشکیل دی جاسکے ۔ نمائش گرائونڈ میں پارٹی کارکنان نے چیئر مین اور سابق وزیر ہرشدیو سنگھ کی قیادت میں مظاہرہ کیا جس دوران انہوں نے مرکزی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ گورنری راج کی آڑ میں حکومت چلا رہی ہے ۔ اس موقعہ پر مشتعل کارکنان نے بی جے پی کا پتلا بھی نذرآتش کیا۔ اس موقعہ پر ہرشدیو سنگھ نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ممبران اسمبلی کی خرید و فروخت کی خبریں طول پکڑتی جا رہی ہیں جو کہ جمہوریت کے نام پر بد نما داغ ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی جہاں دوسری جماعتوں کے ممبران کو توڑنے کی سر توڑ کوشش کر رہی ہے وہیں کئی بی جے پی ممبران اسمبلی یہ سوچ کر کہ زعفرانی جماعت کا زوال قریب ہے واپس کانگریس میں جانے کے لیے پَر تول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اسمبلی کو تحلیل نہ کرنا نہ صرف غیر آئینی ہے بلکہ یہ غیر واجب بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی بھی جماعت نے حکومت بنانے کی حامی نہیں بھری تھی تو ایسے میں اسمبلی کو بھنگ کرنا ہی واحد متبادل رہ جاتا ہے ۔ اس موقعہ پر راجیش پڈگوترہ، گگن پرتاپ سنگھ، شنکر سنگھ چب اور دیگران بھی موجود تھے۔