عظمیٰ نیوز سروس
حیدرآباد//ہم متنوع علاقے، مذہب اور مختلف زبانوں کا پس منظر رکھتے ہیں۔ لیکن ہم سب ہندوستانی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے پرچم کشائی کے بعد کیا۔ وہ یونیورسٹی میں 77 ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب کو مخاطب کر رہے تھے۔انہوں نے سبھی یومِ جمہوریہ کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم جو ترقی کے ثمرات دیکھ رہے ہیں وہ ہمارے اسلاف کی قربانیوں کا نتیجہ ہیں۔ وائس چانسلر نے خاص طور پر مولانا ابولکلام آزاد کا حوالہ دیا جنہوں نے ہر طرح کی صعوبتیں جھیلیں، جیل کا سامنا کیا اور ملک کی یکجہتی کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکنہ قربانی دی اور ہندوستان کی آزادی کو یقینی بنایا۔وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے ہندوستان کے تنوع کو قیمتی پتھروں سے تعبیر کیا۔ جس طرح پہاڑوں کے پتھر پانی کے بہاؤ میں بہہ کر تراشے جاتے ہیں اور بیش قیمتی بن جاتے ہیں۔قبل ازیں پروفیسر سید عین الحسن نے یونیورسٹی مین بلڈنگ کے روبرو رسم پرچم کشائی انجام دی۔ اس کے بعد پروفیسر مظفر حسین خان اور ڈاکٹر شیخ وسیم پٹھان، کی نگرانی میں یونیورسٹی کے کلچرل کلب کے طلبہ نے قومی ترانہ اور حب الوطنی پر مبنی نغمے پیش کیے۔ اس موقع پر پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار اور پروفیسر ایم اے عظیم، پراکٹر، ڈاکٹر محمد یوسف خان، صدر نشین قومی تقاریب کمیٹی، وائس چانسلر کے ہمراہ موجود تھے۔ لفٹننٹ محمد عبدالمجیب ، اسوسیئٹ این سی سی آفیسر کی نگرانی میں ون تلنگانہ آرٹی بیٹری این سی سی مانو سب یونٹ کے کیڈٹس نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے این سی سی کیڈٹس میں نمایاں کارکردگی کی بنیادوں پر سرٹیفکیٹ اور میڈل تقسیم کیے گئے ۔