عظمیٰ نیوزسروس
ادھم پور //اپنے پارلیمانی حلقے میں عوامی رابطہ مہم کو جاری رکھتے ہوئے، مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے سائنس و ٹیکنالوجی، ارضیاتی سائنسز، نیز وزیر مملکت وزیر اعظم دفتر، عملہ، عوامی شکایات و پنشن، جوہری توانائی اور خلائی امور، ڈاکٹر جتیندر سنگھ چنانی اسمبلی حلقے کے تحت گاؤں برمین میں ایک عوامی دربار منعقد کیا، جس کے دوران انہوں نے مقامی باشندوں اور عوامی وفود سے براہِ راست ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور ان کا ازالہ کیا۔وزیر کے ہمراہ مختلف سرکاری محکموں کے سینئرافسران اور عوامی نمائندگان بھی موجود تھے۔ کئی مسائل کو موقع پر ہی حل کر دیا گیا۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت ادھم پور۔کٹھوعہ۔ڈوڈہ پارلیمانی حلقے کو اعلیٰ ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے لیے PMGSY سڑک منصوبوں کے تحت مختص 3,566کروڑ روپے میں سے 1,524کروڑ روپے صرف اسی حلقے کے لیے رکھے گئے ہیں، جو کل رقم کا تقریباً 43فیصد بنتا ہے۔ یہ حکومت کی جانب سے دیہی سڑک رابطہ کو مضبوط بنانے پر مسلسل توجہ کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک دہائی سے یہ رجحان برقرار ہے، جو حلقے میں مسلسل ترقیاتی کوششوں کو ظاہر کرتا ہے۔کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ادھم پور ضلع PMGSY سڑک منصوبوں کے نفاذ میں ملک کے سرفہرست تین اضلاع میں مسلسل شامل رہا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکام کو عوام سے براہِ راست رابطہ برقرار رکھنا چاہیے تاکہ ان کے مسائل بروقت حل کیے جا سکیں۔ وزیر نے یقین دلایا کہ عوام کے مسائل متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھائے جائیں گے اور جلد از جلد حل کیے جائیں گے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے عزم ظاہر کیا کہ وہ آئندہ بھی اس طرح کے عوامی دربار منعقد کرتے رہیں گے تاکہ ان کے حلقے کے دور دراز علاقوں کی آواز بھی سنی جائے اور فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مقامی لوگوں کو بھی ان فورمز میں شرکت جاری رکھنے کی ترغیب دی اور انہیں شفاف اور جوابدہ حکمرانی کے لیے اہم قرار دیا۔اس سے قبل، تاریخی نرسنگھ مندر کے احاطے میں منعقدہ مہا ستسنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے علاقے کے لیے اہم ترقیاتی اقدامات کا خاکہ پیش کیا، جن میں تعلیم، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ورثہ مقامات کے تحفظ پر خصوصی توجہ شامل تھی۔گھورڈی میں کیندریہ ودیالیہ کے قیام کے مطالبے پر انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کو موزوں جگہ کی نشاندہی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ جگہ کے حتمی تعین کے بعد وزارتِ تعلیم کو منظوری کے لیے باقاعدہ تجویز بھیجی جائے گی۔سڑک رابطہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ علاقے میں سڑکوں کی بہتری کا کام جاری ہے، جس سے رسائی میں اضافہ ہوگا اور مقامی ترقی کو فروغ ملے گا۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اعلان کیا کہ نرسنگھ مندر کے قریب ایک شیڈ تعمیر کیا جائے گا، جس کے لیے فنڈ ان کے ایم پی ایل اے ڈی (اراکین پارلیمنٹ مقامی علاقہ ترقیاتی فنڈ) سے فراہم کیا جائے گا، تاکہ زائرین اور عقیدت مندوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اس موقع پر عوامی نمائندگان میں ایم ایل اے سنیل بھاردواج، ضلع صدر ارون گپتا، راجندر شرما، نیہا مہاجن، آرتی شرما، سرپنچ حضرات اور دیگر بھی موجود تھے۔