سرینگر //جموں وکشمیر میں برڈ فلو کے مزید کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ حکام نے پیر کو کہا کہ سرینگر ضلع میں مردہ کوئوں میں برڈ فلو پایا گیا ہے۔مردہ کوئوں کے نمونے سرینگر کے دو مقامات سے حاصل کئے گئے تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ دلی پبلک سکول اتھواجن اور پیر باغ فلڈ چینل کے قریب جن مردہ کوئوں کے نمونوں کو جانچ کیلئے بھیجا گیا تھا ان کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اور ان میں یہ بیماری پائی گئی ہے۔اب سرینگر میں دس کلو میٹر مربع کا رقبہ ریڈ زون قرار دیا گیا ہے اور اس علاقے میں نگہداشت تیز کی گئی ہے ،تاکہ برڈ فلو کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔معلوم رہے کہ کشمیر کے 6اضلاع میں پہلے ہی کوئوں اور مہاجر پرندوں میں برڈ فلو کی تصدق ہو چکی ہے ۔ان اضلاع میں سرینگر ، بارہمولہ ، اننت ناگ ، پلوامہ ، کولگام اور بڈگام شامل ہیں ۔حکام نے مزید بتایا کہ کشمیر میں کسی بھی جگہ پر پولٹری برڈ میں فلو کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے ،البتہ جموں کے ادھمپور میں اس طرح کے 2 کیس مثبت آئے جہاں ایک مرغ اور ایک مور میں فلو کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ پونچھ کے منڈی علاقے سے ایک کوئے کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ۔اودھمپور میں اس تناظر میں انتظامیہ حرکت میں آئی ہے اور دس کلومیٹر کے دائرے میں مرغ مرغیوں کی فروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ منڈی میں ایک کلومیٹر کے دائرے میں پرندوں کی جانچ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں کوے میں برڈ فلو کی تصدیق کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ایک کلومیٹر کے دائرے میں پالنے والے تمام پرندوں کی تشخیص کا حکم دیا ہے۔حکام کا کہنا ہے محکمہ جنگلی حیات اور اینمل ہسبنڈی کی ٹیمیں متحرک ہیں اور جہاں کہیں بھی اس طرح کی شکایت موصول ہوتی ہیں، وہاں پہنچ کر پرندوں کے نمونے حاصل کئے جاتے ہیں ۔اس دوران اوڑی سے ظفر اقبال کے مطابق علاقہ گھرکوٹ ، نامبلہ اور گوہالن سمیت متعدد علاقوں میں مردہ پرندوںکو پایا گیا اسی طرح کے ایک اورواقعے میں 11 جنوری کو چولان ، دینی سیدان اور پیرن پیلن گاؤں میں درجنوں پرندے مردہ پائے گئے تھے۔ اس سلسلے میں متعلقہ ذرائع نے بتایا کہ پرندوں سے نمونے حاصل کرلئے گئے ہیںاور انہیں جانچ کیلئے بھیجا گیا ہے ۔سوپور سے نمائندے غلام محمد کے مطابق وہاں تجر شریف میں گذشتہ 2روز کے دوران ایک درجن کوئے مردہ پائے گئے ہیں۔ مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اس حوالے سے سنجیدہ اقدام نہیں کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ کو آگاہ کرنے کے باوجود بھی کسی بھی ٹیم نے علاقے کا دورہ نہیں کیا ہے۔ مکینوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد کسی ٹیم کو علاقے میں بھیج دیں۔اس دوران محکمہ اینمل ہسبنڈی کے ایک اعلیٰ افسر نے لوگوں سے کہا کہ انہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ہم نے ایک ٹیم علاقے کی طرف روانہ کر دی ہے اور ٹیم نے کچھ مردہ کوئوں کے نمونے حاصل کئے ہیں ۔