آزاد ووٹ تقسیم کرنے کیلئے میدان میں آگئے:عمر عبداللہ چناب وادی میں عوامی جلسے سے خطاب

 عظمیٰ نیوز سروس

کشتواڑ//نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اپنے تین روزہ دورہ کے دوران خطہ چناب کے دوران ڈول، پڑیارنہ، پتھر نکی، پاڈراور گلاب گڑھ سمیت متعدد علاقوں میں روڑ شو کیا اور مختلف مقامات پر عوام سے خطاب بھی کیا۔ ان کے ہمراہ معاون جنرل سکریٹری اجے کمار سدھوترا، صوبائی صدر جموں لیڈ رتن لال گپتا، خالد نجیب سہروردی، سجاد احمد کچلو،ڈی ڈی سی چیئرپرسن کشتواڑ پوجا ٹھاکرو دیگرلیڈران موجود تھے۔ عمر عبداللہ نے اپنی تقریرمیں کہا کہ پچھلے برسوں میں جموں و کشمیر میں کسی بھی طرح کا بدلائو نہیں آیا اور نہ ہی زمینی سطح پر ترقی و خوشحالی دیکھنے کو ملی۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد بے روزگاری، مہنگائی و بے کاری کی شرح میںکوئی کمی نہیں آئی اور سرکار کی طرف کئے گئے وعدے اب تک وفا نہیں ہوئے۔ بی جے پی اور ڈی پی اے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد نیا جموں کشمیر بنانے کے دعوے کئے جارہے تھے لیکن گزشتہ پانچ سال سے تعمیر و ترقی صفر ہے۔ ہمیں بتایا گیا تھا کہ دفعہ 370تعمیرو ترقی میں رکاوٹ ہیں اور اسکے ہٹنے کے بعد نئے کارخانے کھلیں گے لیکن پانچ سال بعد ابھی تک کشتواڑ میں ایک کارخانہ نہ کھل سکا۔چار پاور پروجیکٹ ہونے کے بعد بھی یہاں کے لوگوں کو روزگار نہیں ملا اور باہر سے لوگوں کو لاکر انہیں کام دیاگیا لیکن یہاں کے نوجوانوں کو بیروزگار رکھا گیا۔ڈی پی اے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ انہیں صرف ووٹوں کو تقسیم کرنے کیلئے رکھاگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ دومرتبہ غلام نبی آزاد کو ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی بدولت راجیہ سبھا جانے کا موقعہ ملا، آج وہ ہمارے خلاف بول رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ آزاد کو بی جے پی نے سیدھا ووٹوں کو تقسیم کرنے کیلئے رکھا ہواہے۔