آج دوپہر سے موسم میں تبدیلی کا امکان

اشفاق سعید

سرینگر //محکمہ موسمیات نے آج دوپہر سے وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ اور بالائی علاقوں میں برف باری ہونے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس بیچ جموں میں بارشیں ہو سکتی ہیں ۔ ڈائریکٹر سونم لوٹس کے مطابق 9اور10فروری کومیدانی علاقوںمیں ہلکی سے درمیانی برف باری وبارش اور بالائی مقامات پر بھاری برف باری ہونے کا امکان ہے ۔تاہم اگلے ایک ہفتے تک کسی شدید برف باری کاکوئی امکان نہیں ہے ۔قابل ذکر ہے کہ21دسمبر2022کوشروع ہونے والا چالیس روزہ چلہ کلان رخصت ہوچکاہے اور فی الوقت کشمیرمیں 20روزہ چلہ خورد کادور چل رہاہے ،جس کی رخصتی کے بعد20فروری سے یکم مارچ تک چلہ بچہ کے 10دن ہونگے ،اوراسکے مکمل ہوتے ہی کشمیر کوشدیدسردیوں سے کم سے کم ایک سال کیلئے نجات مل جائے گی تاہم ابھی وادی کو 9اور10فروری کے ایک اور مرحلہ سے گزرنا ہے ۔اس دوران محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.2ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ قاضی گنڈمیں منفی 1.8،پہلگام میں منفی 7.6، کپواڑہ میں منفی 1.9 ،کوکرناگ میں منفی 0.1 اور سیاحتی مقام گلمرگ میں منفی 6.5ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔