جموں//کووڈ 19 متاثرہ افراد کے بڑھتے معاملات کے بیچ حکومت نے طبی نگہداشت کے نظام میں بہتری لانے کا منصوبہ بنایاہے اور تمام ضلع ہسپتالوں اور گورنمنٹ میڈیکل کالجوں سے جڑے ہسپتالوں میں آکسیجن تیارکرنے والے پلانٹ لگائے جائیں گے جس کیلئے 150کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ایک سینئر عہدیدار نے بتایا ’’جموں و کشمیر کے تمام ضلع ہسپتالوں میں آکسیجن پلانٹس لگانے کے لئے حکومت نے 150کروڑ کی منظوری دی ہے‘‘۔انہوںنے بتایا کہ آکسیجن پلانٹس لگانے کا مزید عمل ترجیحی بنیاد پر جموں و کشمیر میں تین یا چار ماہ کے اندر ضرورت کے مطابق شروع ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آکسیجن تیاری کے پودے تین یا چار ماہ میں گورنمنٹ میڈیکل کالجوں سے وابستہ اورتمام ضلع ہسپتالوںمیں لگائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے یہ فیصلہ کووڈ 19 مثبت معاملات میں اضافے اور مرکزی زیر انتظام علاقہ میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے لیا ہے۔اس کے علاوہ 320 ہائی فلو آکسیجن آلات بھی فراہم کئے جائیں گے۔ایک سینئر عہدیدار نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا’’جموں و کشمیر میڈیکل سپلائی کارپوریشن نے 320ہائی فلو آکسیجن ڈیوائس کا حکم دیا ہے جو کووڈ مثبت معاملات میں اضافے کے پیش نظر فراہم کئے جائیں گے‘‘۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پہلے ہی کووڈ 19 معاملات کے علاج کے لئے جی ایم سی ہسپتال میں 120 سے زیادہ ہائی فلو آکسیجن ڈیوائس فراہم کئے ہیں اورگورنمنٹ میڈیکل کالج وہسپتال ان اداروںمیں سے ایک ہے جہاں شدید بیمار کووڈ 19 متاثرہ مریض داخل ہیں۔انہوں نے بتایاکہ تیز بہائو آکسیجن سیکووڈ متاثرہ افراد کو 60لیٹر آکسیجن فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے بتایاکہ آکسیجن سلنڈر استعمال کرنے والے مریض کو 5-6 لیٹر فی منٹ آکسیجن فراہم کی جارہی ہے۔