پونچھ// ضلع پونچھ میں پچھلے کئی روز سے یہ افواہیں سرگرم ہیں کہ بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو سکیم کے تحت حکومت دو لاکھ روپے کی امداد فراہم کررہی ہے جس کیلئے بڑی تعداد میں لوگ فارم بھرنے میں لگے ہوئے ہیں تاہم ضلع انتظامیہ نے اس بات کی وضاحت کی ہے کہ اس سکیم کے تحت ایسی کوئی سہولت نہیںجس کے تحت نقدی امداد فراہم کی جائے ۔ان دنوں یہ افواہیں سرگرم ہیں کہ بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو سکیم کے تحت براہ راست اکائونٹ میں 2لاکھ روپے تک کی نقدی امداد فراہم کی جائے گی جس کیلئے فارم دستیاب ہیں جو بھرنے کے بعد رقم ملے گی ۔اس حوالے سے پورے ضلع میں ہزاروں فارم بھرکر دہلی کے کسی ایڈرس پر بھیجے جا رہے ہیں ۔تاہم ضلع انتظامیہ کی جانب سے عوامی نوٹس زیر نمبرDMP/1817-22بتاریخ 21اکتوبر 2017 جاری کیا گیا ہے جس میںضلع مجسٹریٹ پونچھ نے اس سلسلہ میں لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ کے پاس بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو اسکیم کے تحت بچیوں کے لئے نقد امداد کی کوئی سہولت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو اسکیم کے تحت مرکز اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے معاشرتی نظام میں لڑکیوں کو آرہی پریشانیوں سے تحفظ دلانا، پی سی اور پی این ڈی ٹی ایکٹ کو نافذ کرنا، لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینااور درمیان میں تعلیم چھوڑنے والی طالبات کو دوبارہ تعلیمی اداروں میں داخلہ کرنے کی تحریک دیناہے ۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مزید جانکاری کے لئے ضلع پروگرام افسر آئی سی ڈی پونچھ،ضلع سماجی افسر پونچھ، اور مقامی آئی سی ڈی ایس افسران اور سوشل ویلفیئر افسران سے رابطہ کریں۔انہوں نے تمام عوام کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس قسم کی درخواست یا فورم نہ بھریں جس میں انہیں لالچ دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر اس حوالے سے ان سے کوئی زبردستی کرتا ہے تو اس کی اطلاع ضلع انتظامیہ یا نزدیکی پولیس تھانہ میں دیں تاکہ ان لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے جو لوگوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔