کراچی// پاکستان کے کرکٹ بورڈ نے 15 کرکٹرز کو بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے’نو آبجیکشن سرٹیفیکیٹ‘ جاری کر دیا ہے۔پی سی بی کے مطابق جن کھلاڑیوں کو بی پی ایل میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے ان میں خالد لطیف، محمد سمیع، شاہزیب حسن، رومان رئیس، محمد اصغر، جنید خان، عمران خان جونیئر، شعیب ملک، عمر اکمل، ناصر جمشید، احمد شہزاد، شاہد آفریدی، اسامہ میر، سہیل تنویر اور عماد وسیم شامل ہیں۔ان کھلاڑیوں میں سے عماد وسیم، شعیب ملک، سہیل تنویر اور خالد لطیف اس قومی ٹیم کا حصہ تھے جس نے حال ہی میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو ٹی 20 سیریز میں تین صفر سے شکست دی تھی۔بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق شرجیل خان، محمد نواز اور بابر اعظم کو ابھی اجازت نہیں دی گئی ہے اور ان کے بارے میں فیصلہ کچھ دن میں متوقع ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ سال کھیلے جانے والے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ ٹورنامنٹ میں کئی نامی گرامی پاکستانی کھلاڑیوں، بشمول ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور فاسٹ بولر وہاب ریاض، کو کھیلنے کے زیادہ مواقع نہیں ملے اور انھوں نے اس پر ناراضی کا اظہار بھی کیا تھا۔اس سے قبل 2013 میں بھی دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز کے درمیان چقپلش کی وجہ سے پاکستان نے اپنے کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کھیلنیکی اجازت نہیں دی تھی۔