عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں ملک میں موسم سے متعلق تنصیبات میں بہت اضافہ ہوا ہے جبکہ 2014کے بعد موسم کی پیشین گوئی اور قبل از وقت وارننگ سسٹم کی درستگی میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بھارت منڈپم میںآئی ایم ڈی کے 150 ویں یوم تاسیس کی تقریب میں کہا’’ 2014 سے پہلے، ملک بھر میں ریڈار اسٹیشنوں کی تعداد صرف 15 تھی جو آج 39سے زیادہ ہے‘‘۔انہوں نے کہا’’ 2014 سے پہلے 120 شہروں تک یہ نظام محدود تھا اور اب اسے 1200 شہروں تک بڑھا دیا گیا ہے‘‘۔ ڈاکٹر سنگھ نے محکمہ کی کامیابیوں پر زور دیتے ہوئے کہاکہ آئی ایم ڈی خلائی، سمندری اور زمینی تنصیبات کے ساتھ ایک مربوط ماحولیاتی نظام میں کام کرتا ہے۔ انہوں نے آئی ایم ڈی کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اوسط بارش کی پیشن گوئی، جو ایک بار پورے ملک کے لیے کی جاتی تھی، اب علاقائی سطح پر ہوتی ہے۔