ایجنسیز
نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو کہا کہ ملک کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ان کے روشن مستقبل کو یقینی بنانا مودی حکومت کی اولین ترجیح اور پختہ عزم ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے پرچہ لیک کے مقدمات کی تیز رفتار سماعت کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتوں کے قیام اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ اسی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا،’’پرچہ لیک کے ذریعے نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے والوں کے خلاف وزیر اعظم نریندر مودی کا یہ اہم اقدام ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔‘‘اس سے قبل وزیر اعظم مودی نے بھی کہا تھا کہ ملک کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود ان کی حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے اور جو بھی ان کے مستقبل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا، اسے ہرگز بخشا نہیں جائے گا۔
وزیر اعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب تین روز قبل کاکروچ جنتا پارٹی کی قیادت میں ہزاروں طلبہ نے نیٹ امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے کے لیے “سنسد چلو” مارچ کیا تھا۔مارچ کے دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے داغے، جس کے نتیجے میں متعدد طلبہ زخمی ہوئے، جبکہ احتجاج کو روکنے کی کوشش میں 100 سے زائد پولیس اہلکار بھی زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔وزیر اعظم مودی نے ایکس پر اپنے پیغام میں مزید کہا کہ حکومت نے پرچہ لیک میں ملوث افراد کو جلد اور سخت سزا دلانے کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا،’’ہمارے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ان کا مستقبل سب سے زیادہ اہم ہے۔ یہی ہماری اولین ترجیح ہے۔ جو لوگ نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے کی کوشش کریں گے، انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔‘‘وزیر اعظم نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے متعلقہ حکام اور افسران کو پرچہ لیک کے معاملے میں تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جا رہے فیصلوں کے سلسلے میں یہ ایک اہم قدم ہے۔