ایجنسیز
سنگاپور// اتر پردیش زمین کے وسیع ذخیرے (لینڈ بینک)، کاروبار دوست پالیسیوں اور بہتر امن و امان کے ساتھ سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔ یہ بات وزیرِ اعلیٰ یوگی آدیہ ناتھ نے منگل کو سنگاپور میں سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اسی روز انہوں نے سنگاپور کی اعلیٰ قیادت، بشمول نائب وزیرِ اعظم یانگ کم جن سے ملاقات کی۔سرکاری ذرائع کے مطابق اپنے سرکاری دورے کے دوسرے دن آدتیہ ناتھ نے نائب وزیرِ اعظم اور وزیر تجارت و صنعت گن کم یونگ، اور قومی سلامتی کے رابطہ کار وزیر و وزیر داخلہ شانموگم سے بھی ملاقات کی۔اعلیٰ سطحی وفد کی موجودگی میں ہونے والی بات چیت میں شہری منصوبہ بندی، داخلی سلامتی کے نظام اور ڈیجیٹل گورننس کے شعبوں میں سنگاپور کی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے اتر پردیش کو ایک ٹریلین ڈالر معیشت بنانے کے ہدف پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گن کم یونگ سے ملاقات کے دوران وزیرِ اعلیٰ نے اتر پردیش کے کاروبار دوست ماحول پر زور دیا اور ریاست کے وسیع لینڈ بینک کے ساتھ ساتھ نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے فعال ہونے کے بعد بہتر رابطہ سہولیات کو اجاگر کیا۔ملاقات میں اس امکان پر بھی غور کیا گیا کہ سنگاپور کی کمپنیاں دہلی-این سی آر میں صنعتی ٹاؤن شپ قائم کریں، خاص طور پر سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ اور گرین ہائیڈروجن ماڈیولز پر توجہ کے ساتھ۔کے شنموگم سے ملاقات میں آدتیہ ناتھ نے ریاست کے نظامِ قانون و امن کی جدیدکاری پر بات کی، جس میں سنگاپور کے ٹیکنالوجی سے مربوط پولیسنگ ماڈل اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروٹوکولز پر خصوصی زور دیا گیا۔سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ ریاست میں بنیادی ڈھانچے، لاجسٹکس اور ایم آر او سمیت متعدد منصوبے زیرِ عمل ہیں، اور انہوں نے سنگاپور کے دورے کے دوران کاروباری برادری سے 100 سے زائد ملاقاتیں کیں۔