ایجنسیز
سیول//شمالی کوریا نے پیر کو اعلان کیا کہ اس نے دارالحکومت پیانگ یانگ میں ایک نیا رہائشی ضلع مکمل کر لیا ہے، جو ان شمالی کوریائی فوجیوں کے خاندانوں کے لیے بنایا گیا ہے جو یوکرین کی جنگ میں روسی افواج کے ساتھ لڑتے ہوئے مارے گئے۔ یہ اقدام رہنما کم جونگ اْن کی جانب سے جنگ میں ہلاک افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی تازہ کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔سرکاری میڈیا کی تصاویر میں کم جونگ اْن کو نئی سڑک ’سائپیول اسٹریٹ‘ کا دورہ کرتے اور اپنے ساتھ اپنی بیٹی کم جو اے کے ہمراہ کچھ خاندانوں کے گھروں میں جاتے دکھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست ان نوجوان شہیدوں کا قرض ادا کرے گی جنہوں نے وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔حالیہ مہینوں میں شمالی کوریا نے روس کی یوکرین جنگ میں بھیجے گئے فوجیوں کی تعریف پر مبنی پروپیگنڈا تیز کر دیا ہے، جس میں یادگاری دیوار اور میوزیم کا قیام بھی شامل ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس کا مقصد اندرونی اتحاد کو مضبوط کرنا اور عوامی بے چینی کو کم کرنا ہے۔رپورٹس کے مطابق کم جونگ اْن نے حالیہ مہینوں میں ہزاروں فوجی اور بھاری فوجی سازوسامان، بشمول توپ خانہ اور میزائل، روسی صدرولادیمیر پوٹن کی یوکرین جنگ میں مدد کے لیے بھیجے ہیں، جبکہ دونوں ممالک واشنگٹن کے ساتھ اپنے الگ الگ تنازعات کے پس منظر میں قریب آ رہے ہیں۔جنوبی کوریاکی انٹلی جنیس نے گزشتہ ہفتے قانون سازوں کو بتایا کہ اندازاً تقریباً 6000 شمالی کوریائی فوجی اس جنگ میں ہلاک یا زخمی ہوئے، تاہم ہلاکتوں کی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔ ادارے کے مطابق جنگ سے شمالی کوریا کو جدید جنگی تجربہ اور روسی تکنیکی معاونت بھی مل رہی ہے، جس سے اس کے ہتھیاروں کے نظام بہتر ہو سکتے ہیں۔نئے رہائشی علاقے کی تعمیر ایسے وقت میں ہوئی ہے جب شمالی کوریا رواں ماہ اپنی حکمران جماعت کے اہم اجلاس کی تیاری کر رہا ہے۔