ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس ، قانونی خدمت مرکز کے قیام میں سرعت لانے کی ہدایت
اننت ناگ //جموںوکشمیر اور لداخ کے چیف جسٹس ، جسٹس پنکج متھل نے رجسٹرار جنرل جواد احمد کے ہمراہ منگلوارکو اِننت ناگ کا دورہ کر کے وہاں ضلعی عدالت اور دیگر ماتحت عدالتوں کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ چیف جسٹس جب کورٹ کمپلیکس پہنچے تو وہاںانہیںجے کے پولیس کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔جسٹس متھل نے جوڈیشل ، سول اور پولیس اَفسران سے تفصیلی ملاقات کی اور ضلع میں عدالتوں کے بنیادی ڈھانچے اور اِنتظامی اَمور کا جائزہ لیا۔انہیں ضلع میں عدالتی کارروائی سے متعلق اَمور اور زیرسماعت مقدمات کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔چیف جسٹس نے پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج نصیر احمد ڈار کو ہدایت دی کہ وہ ضلع ہیڈکوارٹر میں قانونی خدمات مرکز قائم کرے جس میں قانونی چارہ جوئی کے اہلکار ، وکلأ اور دیگر شراکت داروں کو مقدمہ دائر کرنے میں بروقت مدد فراہم کریں گے۔اُنہوں نے کہا کہ بذریعہ اِی موڈ مقامات سے ذاتی طور پر عدالتوں سے رجوع کئے بغیر اَپنے اَپنے مقامات پر رہتے ہیں۔اُنہوں نے کووِڈ اوقات میں مقدمات کے حل سے متعلق ہائی کورٹ کے جاری کردہ تمام ہدایات اور احکامات پر عمل کرنے کی بھی تاکید کی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر پیوش سنگلا نے چیف جسٹس کو جانکاری دی کہ سرنال میں مجوزہ ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کے لئے نشاندہی کی گئی 56کنال اراضی میں سے 40 کنال الاٹ ہوچکی ہے اور باقی کے لئے الاٹمنٹ کا عمل جاری ہے۔جسٹس متھل نے متعلقہ اَفسران اور عمل آوری ایجنسیوں کو کمپلیکس کے لئے الاٹمنٹ اور تعمیراتی کام کے عمل میں سرعت لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل ڈھانچے کی ترقی اور جموںوکشمیر میں عدالتوں کو تمام مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جارہی ہے ۔بعد میں چیف جسٹس نے ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن کے ممبران کے ساتھ اِستفساری میٹنگ منعقد کی جنہوں ضلع میں آنے پر اُن کا شکریہ ادا کیا ۔بار کے صدر فیاض احمد سوداگر نے کچھ مطالبات چیف جسٹس کے گوش گزار کئے جن میں دوسری ماتحت عدالتوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی ، وکلأ کو چیمبروں کی فراہمی اور ازدواجی عدالتوں کا قیام شامل ہیں۔چیف جسٹس ، جسٹس پکنج متھل نے چند معاملات کے ازالے کے لئے موقعہ پر ہی ہدایت دی اور یقین دِلایا کہ ان کے تمام مطالبات وقتاًفوقتاً پورے کئے جائیں گے ۔اُنہوں نے اِنصاف کی فراہمی کو آسان یقینی بنانے کے لئے عدلیہ ، سول اور پولیس حکام کے مابین زیادہ سے زیادہ ہم آہنگ رہنے کی ضرورت ہے۔ اِس موقعہ پر ایس ایس پی امتیاز حسین ، اے ڈی سی غلام حسن ، ایس پی ہیڈ کوارٹر نکھل بور کر، اے سی آر سیّد یاسر اور دیگر عدالتی ، سول اور پولیس اَفسران موجود تھے۔