عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ نلین پربھات نے یوم جمہوریہ کی تقریبات کی تیاریوں کے سلسلے میں پولیس کنٹرول روم سرینگر کے کانفرنس ہال میں ایک جامع سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں جموں و کشمیر پولیس کے سبھی صوبائی اور ضلع سطح کے افسران کے علاوہ انٹلی جنس ایجنسیوں، فوج اور سینٹرل سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز میں افسران نے پولیس سربراہ کو انٹلی جنس اطلاعات، سیکورٹی اقدامات، اور تیاریوں کے منصوبے سے آگاہ کیا۔ضلع سطح کے افسران نے وادی کے تمام مقامات، جہاں تقریبات کا انعقاد ہورہا ہے، کی سیکورٹی ،عوامی تحفظات، اور تقریبات کے پر امن انعقاد کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفاصیل سے آگاہ کیا۔اجلاس، جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا، میں ڈائریکٹر جنرل پولیس نلین پربھات نے سینئر پولیس افسران کو اپنی اپنی زمہ داریاں تفویض کرتے ہوئے ہدایات دیں کہ تمام امور کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس کے دوران زیر بحث نکات میں لوگوں کے تقریبات کی جگہ پر آنے کے انتظامات،ٹریفک کیلئے آسان نقل وحرکت،پولیس کی حکمت عملی کے تحت تعیناتی،انٹلی جنس اطلاعات کا تبادلہ اور حساس مقامات کا تحفظ شامل ہے۔انہوں نے فل پروف سیکورٹی انتظامات پر زور دیتے ہوئے ضلع افسران کو سوشل میڈیا کی سخت نگرانی کرنے کی ہدایات دی تاکہ امن و امان کو متاثر کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی ،افواہوں اور غلط معلومات کے پھیلائو کا بھر وقت تدارک کیا جاسکے۔پولیس سربراہ نے ملک مخالف عناصر پر نگرانی مزید سخت کرنے،اور ائریا ڈومنیشن میں اضافہ کرنے کی بھی ہدایت دی۔ٹریفک ونگ کو موثر ٹریفک پلان مرتب کرنیکا حکم دیا گیا۔وادی بھر کی شاہراہوں، مین سڑکوں، ذیلی راستوں، ریلوے ٹریکس اور سٹیشنوں کی کی بھی سیکورٹی کا جائزہ لیا گیا۔ایس ایس پی سیکورٹی کشمیر کو مرکزی مقامات پر تمام سیکورٹی خدشات کو مد نظر رکھتے ہوئے سیکورٹی پلان کے نفاذ کی ہدایت دی گئی۔اجلاس کے اختتام پر یوم جمہوریہ کی تقریبات کو پر امن بنانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے پولیس کے رول کو اجاگر کیا گیا۔