پونچھ//ضلع پونچھ کے سرحدی علاقہ ساوجیاں کے ماڈل ہائر سیکنڈری سکول میں یوم اساتذہ کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ میں اسناد تقسیم کی گئی اور ان کی عزت افزائی کی گئی۔ اس تقریب کا اہتمام ماڈل ہائر سیکنڈری سکول کے پرنسپل انور خان کی سربراہی اور دیکھ ریکھ میں کیا گیاجس میں ہائر سیکنڈری سکول جھلاس پونچھ کے پرنسپل ریاض احمد میر کو ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے خصوصی سند سے اور شال سے نوازا گیا۔ دیگر نوازے جانے والے اساتذہ میں لیکچرار شبیہ الحسن،لیکچرر غلام رسول،لیکچرر عبدالمجید، لیکچر نواز احمد خان، لیکچر حنا بھگال،لیکچرر بھوپندر سنگھ،ماسٹر خادم حسین اور ماسٹر مختار احمد بانڈے شامل ہیں۔اس موقع پر طلباءنے رنگا رنگ تمدنی پروگرام پیش کیا جس میں مقامی تہذیب و ثقافت کی عکاسی کی گئی۔اس موقع پر مہمان خصوصی ریاض احمد میر و دیگر مقررین نے سماج میں استاد کی اہمیت کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وبا کے دور میں اساتذہ نے جس قدر دلچسپی اور تندہی سے کام کر کے طلباءکو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا ہے یقینا قابل ستائش ہے۔ آخر پر صدر محفل پرنسپل انور خان نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اپنے فرئض کو انجام دے رہے ہیں ۔ اس دوران محمد سلیم ریشی، محمد شفیع، رگھو ناتھ ورما اور دیگر معززین نے بھی خطاب کیا۔