محتشم احتشام
پونچھ//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ضلع پونچھ کی جانب سے قدرتی حسن سے بھرپور وادی تھان پیر کے پْرفضا اور بلند و بالا مقامات پر ایک ضلع سطحی ٹریکنگ مہم کا زور و شور سے آغاز ہوا، جس میں ضلع کے مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے نوجوان طلبہ نے غیر معمولی جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔مہم کا باقاعدہ افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ، طاہر مصطفی ملک نے قافلے کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وائی ایس ایس محکمہ کی نوجوانوں کے لئے صحت مند، با مقصد اور عملی سرگرمیوں کے فروغ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف نوجوانوں میں اعتماد پیدا کرتی ہیں بلکہ ان کی جسمانی و ذہنی نشوونما میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔یہ مہم انورادھا گپتا (جے کے اے ایس)ڈائریکٹر جنرل وائی ایس ایس جموں و کشمیر کی دور اندیشانہ قیادت میں منعقد کی گئی، جو ریاست بھر میں نوجوانوں کے لیے ایڈونچر اسپورٹس اور ہمہ جہت ترقی کے فروغ کی سرگرمیوں کو تیز رفتار انداز میں آگے بڑھا رہی ہیں۔اسی طرح وناکشی کول (جے کے اے ایس)جوائنٹ ڈائریکٹر وائی ایس ایس جموں اور میگھا باؤگیا، ڈپٹی ڈائریکٹر ایکٹیویٹیز کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی نے بھی اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ضلعی سطح پر اس پوری سرگرمی کی نگرانی ضلع افسر محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹ پونچھ محمد قاسم نے انتہائی منظم حکمتِ عملی کے ساتھ انجام دی جبکہ مسٹر وجے کمار نے بطور ایکٹیویٹی انچارج تمام شرکا کو مشکل مگر دلکش راستوں میں کامیابی سے گزارا۔نوجوان شرکا نے گھنے جنگلات، اونچے پہاڑی راستوں، پرسکون چراگاہوں اور وسیع و عریض قدرتی نظاروں سے بھرپور ٹریک کے دوران نہ صرف اپنی جسمانی برداشت کو آزمایا بلکہ ٹیم ورک، نظم و ضبط اور قیادت جیسے اہم اوصاف کا تجربہ بھی حاصل کیا۔تھان پیر کے دامن میں بکھرے یہ مناظر نوجوانوں کے لیے تعلیمی و تربیتی لحاظ سے ایک یادگار تجربہ ثابت ہوئے۔وائی ایس ایس پونچھ کی جانب سے بتایا گیا کہ اس سلسلے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے جلد ہی طالبات کے لیے خصوصی گرلز ٹریکنگ پروگرام بھی منعقد کیا جائے گا تاکہ ضلع کی بچیوں کو بھی مساوی مواقع اور ایڈونچر اسپورٹس کے بھرپور مواقع فراہم کیے جا سکیں۔انہوں نے کہایوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ پونچھ اپنی موثر، با مقصد اور نوجوان دوست پالیسیوں کے ساتھ جموں و کشمیر کے نوجوانوں میں ایڈونچر، نظم و ضبط، فٹنس اور اعتماد کی نئی روح پیدا کرنے میں مصروفِ عمل ہے، اور اس طرح کے پروگرام نوجوان نسل کو اپنی حقیقی صلاحیتیں دریافت کرنے کا بہترین موقع فراہم کر رہے ہیں۔