ایجنسیز
جے پور// وزیر اعظم نریندرمودی نے ہفتہ کے روز راجستھان کے شہر اجمیر سے 14 سالہ لڑکیوں کے لیے ملک گیر ہیومن پیپیلوما وائرس (HPV) ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا۔سروائیکل کینسر کے خلاف اس مہم کا باضابطہ افتتاح اجمیر کے علاقے کیاد میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا، جہاں متعدد لڑکیوں کو ویکسین لگائی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے مستفید ہونے والی بچیوں سے گفتگو بھی کی۔حکام کے مطابق اس مہم کے تحت سنگل ڈوز ‘‘Gardasil 4’’ ویکسین استعمال کی جائے گی، جو ایک کواڈری ویلنٹ ایچ پی وی ویکسین ہے۔ یہ انجیکشن HPV کی اقسام 16 اور 18 سے تحفظ فراہم کرتا ہے، جو سروائیکل کینسر کا سبب بنتی ہیں، جبکہ اقسام 6 اور 11 کے خلاف بھی مؤثر ہے۔مرکزی وزارت صحت نے 25 فروری کو تمام ریاستوں کو جاری کردہ ایک سرکاری مراسلے میں کہا کہ ملک بھر کی تمام 14 سالہ لڑکیوں کو ‘‘گارڈاسل 4’’ کی ایک خوراک سرکاری صحت مراکز میں دی جائے گی، جن میں آروگیہ آیوشمان مندر (پرائمری ہیلتھ سینٹرز)، کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز، سب ڈسٹرکٹ اور ڈسٹرکٹ اسپتال، اور سرکاری میڈیکل کالجز و اسپتال شامل ہیں۔