رمیش کیسر
راجوری//خطے میں جاری ہلکی بارشوں کے سلسلے نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جس کے باعث لوگوں کو ایک بار پھر گرم کپڑے پہننے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ موسم کی اس تبدیلی نے جہاں عام لوگوں کو راحت فراہم کی ہے وہیں زرعی شعبے کے لیے بھی نہایت مفید ثابت ہو رہی ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق حالیہ بارشوں نے گندم کی فصل میں نئی جان ڈال دی ہے، جو کچھ عرصہ قبل پانی کی کمی کے باعث متاثر ہو رہی تھی۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ یہ بارش فصل کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں، کیونکہ اس سے پیداوار میں بہتری کی امید پیدا ہو گئی ہے۔زرعی ماہرین کے مطابق اس وقت ہونے والی بارش گندم کی فصل کے لیے انتہائی سودمند ہوتی ہے، کیونکہ یہ فصل کی نشوونما میں مدد دیتی ہے اور دانے کو بھرپور بناتی ہے۔
اس کے علاوہ یہ بارش زمین میں نمی برقرار رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ بارش آنے والی گرمیوں کے لیے بھی خوش آئند ہے، کیونکہ اس سے زیرِ زمین پانی کی سطح بہتر ہونے کی توقع ہے۔ خطے میں ہر سال گرمیوں کے دوران پانی کی قلت ایک بڑا مسئلہ بن جاتی ہے، جس سے گھریلو اور زرعی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔کسان طبقہ خاص طور پر ان بارشوں پر خوشی کا اظہار کر رہا ہے، کیونکہ گزشتہ سال اسی مہینے میں بارش نہ ہونے کے باعث گندم کی فصل خشک سالی کا شکار ہو گئی تھی، جس سے انہیں مالی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔عوام اور کسانوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اگر آئندہ دنوں میں بھی اسی طرح کی معتدل بارشیں جاری رہیں تو اس کے مثبت اثرات نہ صرف فصلوں بلکہ مجموعی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے۔