پونچھ//سب ڈو یژن مینڈھر کے ہائر سکینڈری سکول موہری گورسائی میں ڈی پی او پونچھ سید ازرار حسین شاہ کے اعزاز میں ایک الوداعی تقریب زیر صدارت پرنسپل ہائر سکینڈری سکول موہری گورسائی سید ناطق حسین جعفری منعقد ہوئی۔ تقریب میں اس ماہ کے آخر میںسبکدوش ہونے والے ڈی پی اوکے کام کی سراہنا کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ موصوف نے بطور ڈی ای پی او نہایت ایمانداری اور دیانتداری سے کام کیا اور محکمہ تعلیم کے تمام ملازمین کے دلوں کی دھڑکن بن کے رہے۔ تقریب میں پرنسپل ڈائٹ پونچھ چوہدری گلزار احمد قادری اور سبکدوش پرنسپل سید شبیر حسین جعفری بطور مہمان اعزازی شرکت کی۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض دل محمد کامران لیکچرر نے انجام دیئے۔ اس تقریب میں محمد زبیر سینئر لیکچرر، محمد رزاق لیکچرر، مجیب الرحمن لیکچرر ، افسانہ کوثر لیکچر اور محمد ایوب مغل وغیرہ موجود تھے ۔