عظمیٰ نیوزسروس
جموں //چیف سیکریٹری اتل ڈلو نے ایک جامع جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں یونین ٹیریٹری جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور تقسیم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری کو پیٹرول، ڈیزل، ایوی ایشن ٹربائن فیول اور ایل پی جی سمیت تمام اہم پیٹرولیم مصنوعات کے موجودہ ذخائر سے آگاہ کیا گیا۔انہوں نے واضح کیا کہ ذخیرہ اندوزی، بلیک مارکیٹنگ، زائد قیمت وصولی یا پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی منتقلی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر سخت نگرانی کی ہدایت دی۔اضلاع کی سطح پر سپلائی کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ دستیابی اور تقسیم سے متعلق تفصیلی رپورٹس پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے تاہم اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام مستحق گھریلو اور تجارتی صارفین کو بلا تاخیر ایل پی جی فراہم ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ ایل پی جی کی گھر گھر ترسیل کو یقینی بنایا جائے اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت دی کہ ریٹیل آؤٹ لیٹس، ڈیلر پوائنٹس اور بفر ڈپوز پر وافر اسٹاک رکھا جائے تاکہ سپلائی بلا تعطل جاری رہے۔اجلاس میں کمشنر سیکرٹری ایف سی ایس اینڈ سی اے نے بتایا کہ یونین ٹیریٹری میں مجموعی ذخیرہ مستحکم ہے، پیٹرول 9 سے 10 دن، ڈیزل 16 سے 17 دن اور ایل پی جی تقریباً 12 سے 13 دن کی دستیابی رکھتا ہے، جس میں ٹرانزٹ اسٹاک بھی شامل ہے۔ایل پی جی کے حوالے سے بتایا گیا کہ 100 فیصد گھریلو طلب پوری کی جا رہی ہے اور شہری علاقوں میں تقریباً 24 دن جبکہ دیہی علاقوں میں 35 دن کی سپلائی دستیاب ہے۔ او ٹی پی بیسڈ ڈیلیوری نظام کے ذریعے شفافیت یقینی بنائی جا رہی ہے۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ اضلاع میں 1418 معائنہ جات اور چھاپے مارے گئے، جن کے نتیجے میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور سامان ضبط کیا گیا۔ 1000 سے زائد عوامی شکایات کا بھی فوری ازالہ کیا گیا۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اے اے وائی خاندانوں کو ماہانہ 2 لیٹر مٹی کا تیل فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ ایل پی جی کی ای-کے وائی سی ویریفکیشن کا عمل بھی جاری ہے جس میں تقریباً 20 لاکھ صارفین کی تصدیق مکمل ہو چکی ہے۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ کمرشل صارفین کے لیے کوٹہ بڑھا دیا گیا ہے اور پائپ لائن منصوبہ کٹھوعہ، سانبہ اور جموں میں جاری ہے جو آئندہ دو سے تین ماہ میں فعال ہو سکتا ہے۔