گول//گول سب ڈویژن میں کوڈ کی گائڈ لائنوں اور قانونی احکامات کو ردی کی ٹوکری میں ڈال کرسومو ڈرائےوروں نے لوٹ کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔ خاص کر کے گول کے لنک روڈوں پر جہاں اور لوڈنگ کافی زیادہ چل رہی ہے ایک سومو گاڑی میں پندرہ آدمیوں کو لاد کر یہ خلاف ورزی کی جا رہی ہے وہیں دوسری جانب صرف چودہ کلو میٹر پر 80روپے کرایہ وصولہ جا رہا ہے ۔ اگر چہ اس سے قبل بھی اے آر ٹی او رام بن کی نوٹس میں اس طرح کی شکایات لائی گئی تھیں لیکن اس کی طرف کسی نے کوئی توجہ نہیں دی ۔ گول کے سنگلدان علاقہ سے مہا کنڈ تک چلنے والی گاڑیوں میں کافی زیادہ اور لوڈنگ ہوتی ہے وہیں گول بازار سے مہا کنڈ و ڈھیڈہ جانے والی گاڑیوں کا بھی کوئی پُر ساں حال نہیں ہے ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے لوک جن شکتی پارٹی کے ضلع صدر صدام حسین گنائی نے کہا کہ اس طرح کی اور لوڈنگ سے انسانوں جانوں کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے اور من مانے کرایہ غریبوں پر گاج سے کم نہیں ہے جس کا ذمہ دار اے آر ٹی او رام بن ہے جو اس پر کوئی سختی نہیں برت رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے اورپولیس کے سامنے اس طرح کی اور لوڈنگ ہوتی ہے اور زیاد ہ کرایہ وصولہ جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جہاں ایک سومو گاڑی کو صرف سات سواریاں بٹھانے کا حکم ہے اگر وہ آٹھ یا نو بھی بٹھاتے تو کوئی بات نہیں تھی لیکن افسوس کا مقام ہے بارہ سے پندرہ سواریاں گاڑیوں میں ہوتی ہیں اور صرف چودہ کلو میٹر پر اسی روپے لئے جاتے ہیں جو حد نہیں تو اور کیا ہے ۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن مسرت عالم و گورنر سے مطالبہ کیا کہ اس طرح کی خلاف ورزیوں پر سخت سی سخت سزا ملنی چاہئے تا کہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو ۔