گول میں محکمہ جل شکتی کے عارضی ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ

گول//ضلع رام بن کے سب ڈویژن گول صدر مقام پر محکمہ جل شکتی کے عارضی ملازمین نے ایک زوردار احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ احتجاجیوں کا کہنا ہے کہ اگر چہ سرکار نے باقی اضلاع کے تمام عارضی ملازمین کی دو دو مہینوں کی تنخواہیں واگزار کی ہیں لیکن ضلع رام بن کے ساتھ سوتیلا سلو ک کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے گھروں میں بچے فاقہ کشی کا شکار ہو رہے ہیں اور ہمارا دار ا مدار اسی پر ہے لیکن سرکار ہماری طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ محکمہ جل شکتی گول دفتر کے احاطہ میں سب ڈویژن گول کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عارضی ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہئے انتظامیہ کے خلاف بھی نعرے بازی کی ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ووچر کی فائل 1-9-2020میں مکمل ہو چکی ہے لیکن اس کے با وجود ہمیں تنخواہوں سے محروم رکھا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف سے بیروزگاری کی وجہ سے نوجوان نڈھال ہے وہیں دوسری جانب ہم جیسے غریب اور لاچار ملازمین کے ساتھ اتنی قلیل تنخواہ ہونے کے با وجود ناروا سلوک کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک ہفتہ تک ہماری تنخواہ واگزار نہیں کی تو ہم اُس کے بعد سڑکوں پراُتر کر احتجاج کریں گے اور تمام پانی کی سپلائی کو کاٹ دیں گے کیونکہ ہر جگہ پر عارضی ملازمین ہی کام کرتے ہیں لیکن ہم سے صرف کام لیا جاتا ہے لیکن اس کا کوئی دام نہیں مل رہا ہے جس وجہ سے ہم یہ کڑا قدم اُٹھانے پر مجبور ہیں ۔