ادھمپور/وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندرسنگھ نے آج ٹرانسپورٹ کے ریاستی وزیر مملکت سنیل شرما کی موجود گی میں 14کلومیٹر لمبی گوردی سڑک کو دو گلیاروں والی بنانے اور 9.4کلومیٹر لمبی بسنت گڈھ کھانیڈ سڑک کی کشادگی کے کام کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ کام سی آر ایف اور پی ایم جی ایس وائی کے تحت 46.06کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے۔رُکن اسمبلی دینا ناتھ بھگت ، ضلع ترقیاتی کمشنر ادھمپور رویندر کمار کے علاوہ مختلف محکموں کے کئی اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ڈاکٹر جتندر سنگھ نے ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادھمپور۔گورڈی سڑک کو ضلع میں ایک کلیدی اہمیت حاصل ہے اور اس سڑک کو بڑھاوا دینے سے ضلع کے مختلف علاقوں کے لوگوں کو عبور و مرور کی بہتر سہولیات دستیاب ہوں گی اور علاقے میں سماجی و اقتصادی ترقی ممکن ہوسکے گی۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت نے 14کلومیٹر سے لے کر 40کلومیٹر تک کی سڑک کو کشادہ بنانے کے لئے 52کروڑ روپے کا ایک پروجیکٹ رپورٹ مرکزی سرکار کو بھیج دیا ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت ریاست کے دور دراز علاقوں میں لوگوں کو بہتر سڑک رابطہ فراہم کرنے کے لئے معقول رقومات فراہم کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح دیگر سیکٹروں میں بھی ریاست کو آگے لے جانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے عمل آوری ایجنسیوں سے کہا کہ وہ اپنی افرادی قوت اور مشینری کو متحرک کر کے ہاتھ میں لئے گئے ترقیاتی پروجیکٹوں کو ایک مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں۔ٹرانسپورٹ کے وزیر مملکت سنیل شرما نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مجموعی ترقی میں سڑک رابطوں کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور کہا کہ ریاست کے مختلف علاقوں کو ہیڈ کوارٹروں کے ساتھ جوڑنے کے لئے پی ایم جی ایس وائی کے تحت کئی پروجیکٹ ہاتھ میں لئیے جارہے ہیں۔ایم ایل اے دیناناتھ بھگت نے اس موقعہ پر مرکزی وزیر کو علاقے کے مسائل کے بارے میں جانکاری دی۔ڈاکٹر جتندر سنگھ نے انہیں یقین دلایا کہ ان مسائل کو مرحلہ وار طریقے پر حل کیا جائے گا۔