گورنر،وزیر اعلیٰ ، نائب وزیر اعلیٰ

جموں// گورنر این این ووہرا ،وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی ، نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ ،نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگزار صدر عمر عبداللہ نے مہاویر جینتی کے موقعہ پر لوگوں کو مبارک باد دی ہے۔مبارک بادی کے اپنے پیغام میں گورنر نے کہا کہ بھگوان مہاویرا سچائی اور صداقت کا ایک مجسمہ تھے اور ان کا جنم دِن منانے سے ریاست میں آپسی رواداری کے رشتے مزید مستحکم ہوتے ہیں۔ وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے مہاویرا کوسچائی ، امن اور رواداری کا علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی تعلیمات میں بھائی چارے کا پیغام پوشیدہ ہے جس کے لئے ہماری ریاست صدیوں سے جانی جاتی ہے ۔ محبوبہ مفتی نے ریاست میں امن ، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ ایسے تہواروں کی بدولت لوگوں میں آپسی بھائی چارے اور اخوّت کے رشتے مزید مستحکم ہوں۔نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگزار صدر عمر عبداللہ نے مہاویر جینتی کے موقعہ پر ریاستی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تہوار ریاست کی خوشحالی کا سبب ثابت ہو۔