جموں// گوجربکروال اصلاحی کمیٹی نے صوبہ جموں میںشرپسندعناصرکی جانب سے خانہ بدوش گوجربکروالوں کونشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے شرپسندوں کی نکیل کسنے کامطالبہ کیاہے۔یہاں جاری پریس بیان میں گوجربکروال اصلاحی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری چوہدری اخترحسین نے کہاکہ موجودہ مخلوط حکومت صوبہ جموں میں مسلم کش سازشوں اورمخصوص طبقے پر الزام تراشیوں پرخاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جوکہ قابل تشویش بات ہے۔اخترچوہدری نے کہاکہ جموں میں تمام ترقیاتی پروجیکٹوں پر کام کاج ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی خانہ بدوش طبقہ پر کچھ شرپسندڈیمو گرافی تبدیل کرنے کے الزامات لگائے رہے ہیں جبکہ جموں شہر90فیصد جنگلات ارضی پر تعمیر ہوا ہے اور قبائلی خانہ بدوش صدیوں سے کچے کلوں اور مکانات تک محدود ہو کر رہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رہاڑی کالونی،بخشی نگر ،جانی پور،بلاورایریا،نگروٹہ، راجیونگر ،قاسم نگر،گاندھی نگر،پیرکھووغیرہ جیسے علاقے جنگلاتی اراضی پر آباد ہو کر مستقل کالونیوں میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ان پر کوئی تنقید نہیں ہو رہی ہے جبکہ ان کالونیوں میںلاکھوں کے حساب سے بیرون ریاستی باشندگان رہایش پذیر ہیں۔قبائلی خانہ بدوشوں کی آبادکاری کے لئے مرکزی وزارت قبائلی امورنے ٹرا ئبل ایکٹ 16 ریاستوں میں لاگو کیا ہوا ہے۔لیکن بدقسمتی سے یہ ایکٹ ابھی تک جموں وکشمیر میں لاگو نہیں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں کے کچھ فرقہ پرست عناصرنے بد امنی اور بد عنوانی کو بڑھاوا دینے کے لئے آسماں سرپراٹھا رکھا ہے جبکہ لاکھوں بیرون ریاستوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو یہاں آباد کیا گیا ہے جو دفعہ 370کی خلاف ورزی ہے اورگوجر بکروال طبقہ کو مشکلات سے دوچار کرنے کے لئے سازشیں بنائی جا رہی ہے جوقابل تشویش ہے۔چودھری نے مزید کہاکہ لاکھوں کنال اراضی پرگوجر بکروال طبقہ کا قبضہ1947سے قبل کا ہے اورلاکھوں کنال اراضی کسٹوڈین محکمہ کے پاس ہیں۔اخترچودھری نے محکمہ سے اپیل کی ہے کہ برائے مہربانی وہ زمین واپس کرے اور حکومت سے درخواست کی ہے کہ فوری طور پر فارسٹ ایکٹ لاگو کیا جائے اور ریاست میںدوسری ریاستوں سے آنے والے لوگو ںکو یہاں سے نکالا جائے۔ انہوں نے حکومت سے اس بات کا جواب بھی طلب کیا ہے کہ کس قانون کے تحت بیرونی ریاستوں سے مہاجرین کو یہاں آباد کیا گیا ہے۔ اس دوران انہوں نے اس بات کی بھی مذمت کی کہ کچھ عناصریہاںکے اقلیتی طبقوں کوہراساں کرنے کی سازشیں کر رہے ہیںجو ناقابل برداشت ہیںجن پرقدغن لگایاجاناچاہیئے۔