پونچھ// گرورام داس جی سیوا سوسائٹی جو کہ پونچھ میں سکھ مسلک کے ساتھ ساتھ سماجی تنظیم بھی ہے ،کی جانب سے گرو رام داس کے 484ویں یوم پیدائش پر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔اس سلسلہ میں گزشتہ روز ضلع ہسپتال پونچھ کے قریب شری منت صاحب گرودوارہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں مقامی اور غیر مقامی دستوں نے شبد کیرتن کیا ۔ اس موقعہ پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے گرو جی کی حیات اور ان کے سکھ مذہب کے تئیں دی گئی قربانیوں کا ذکر کیا۔ اس موقعہ پر فوج کے افسران کے علاوہ پونچھ کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے تمام مسالک کے معززین بھی موجود رہے جبکہ عقیدتمندوں نے بھی بھاری تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے دوران تنظیم کی جانب سے جہاں مہمانوں کی عزت افزائی کی گئی وہیں اس موقعہ پر موجود راگھی جتھوں کو بھی انعام و اکرام سے نوازا گیا۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے تنظیم کے اعلیٰ رکن سردار بلبیر سنگھ نے بتایا کہ گرورام داس جی سیوا سوسائٹی کی جانب سے اگلے کئی روز تک مختلف گرودواروں میں تقریبات منعقد کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس دوران تنظیم کی جانب سے مفت طبی کیمپ بھی لگائے جائیں گے تاکہ وہ لوگ اپنا علاج کروا سکیں جو غربت کی وجہ سے تجربہ کار ڈاکٹروں کے پاس نہیں پہنچ پاتے ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران مریضوں میںمفت ادویات بھی تقسیم کی جائیں گی۔