نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے دو رافتادہ گائوں گرن میں واقعہ پرائمری ہیلتھ سنٹر میں ایمبولینس نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو ہسپتال منتقل کر نے میں لوگوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ پرائمری ہیلتھ سنٹر میں صرف 2خراب ایمبو لینس گاڑیاں کھری کی گئی ہیں جبکہ ڈرائیور موجود ہونے کے باوجود معیاری ایمبو لینس گاڑی دستیاب نہیں ہے جبکہ حاملہ خواتین اور مریضوں کو ہسپتال منتقل کرنے کیلئے بھاری رقم خرچ کر کے گاڑیوں کا بندوبست کرنا پڑتا ہے ۔گائوں کی خاتون سرپنچ نے بتایا کہ حکام کی نا اہلی کی وجہ سے زچگی کے دوران حاملہ خواتین کو ہسپتال منتقل کرنے میں کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی میں لوگ نجی گاڑیاں دو ہزار روپے کرائے پر لے کر مریضوں کو نوشہرہ ہسپتال منتقل کرتے ہیں جبکہ ہسپتال میں ایمبو لینس کی دستیابی کیلئے اس سے قبل کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ سے رجوع کیا جاچکا ہے لیکن ابھی تک کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ صحت دیہات میں عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنے میں کوئی دلچسپی ہی نہیں لے رہا ہے ۔مقامی معززین نے کہاکہ اس سلسلہ میں کئی بار حکام سے رابطہ کیا گیا لیکن صرف یقین دہانیاں کروا کر ٹال مٹول کر دی گئی ہے ۔پنچایتی اراکین اور مقامی معززین نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پر ائمری ہیلتھ سنٹر میں ایمبو لینس فراہم کی جائے تاکہ مریضوں و حاملہ خواتین کی مشکلات حل ہو سکیں ۔