راجوری //قومی یومِ یکجہتی کی مناسبت سے کیری سیکٹر میں ایک ریلی نکالی گئی جسے سینئر بی جے پی لیڈر وبودھ گپتا ایم ایل سی نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، یہ ریلی ہائر سکینڈری اسکول ساسلہ کوٹ سے شروع ہو کر بی ڈی او آفس میں اختتام کو پہنچی ۔ اس سے قبل انہوں نے نوجوانوں اور طلاب کے ہمراہ ہندوستان کے اولین وزیر داخلہ ولبھ بھائی پٹیل کی تصویر کی گل پوشی کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اپنے خطاب میں وبودھ گپتا نے بتایا کہ 31اکتوبر کو قومی یکجہتی کے دن پر منایا جاتا ہے ، یہ دن ولبھ بھائی پٹیل کا 142واں جنم دن ہے ۔ آنجہانی لیڈر کی خدمات کا تذکر ہ کرتے ہوئے بھاجپا لیڈر نے آزادی کے بعد ملک کو متحد رکھنے کیلئے کی گئی کائوشوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے مقامی نوجوانوں کی اس ریلی میں شرکت کے لئے ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دوسرے کونوں کی طرح کیری سیکٹر میں اس ریلی کا اہتمام اس بات کا گواہ ہے کہ یہ علاقہ بھی یکجہتی اور آپسی بھائی چارے کے لئے وعدہ بند ہے ۔ سرحدی اضلاع پونچھ راجوری کے عوام کو بہادر اور غیور قراردیتے ہوئے ایم ایل سی موصوف نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کی طرف سے دی جانے والی قربانیاں ملک کے اتحاد اور سا لمیت کی ضامن ہیں۔ گورنمنٹ ہائر سکینڈری اسکول ساسلا کوٹ کے طلباء کی ستائش کرتے ہوئے وبودھ گپتا نے کہا کہ بھاری تعداد میں طلباء کا یہاں آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم لوگوں کے لئے وطن سب سے اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں میں شریک ہونے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ اس سے سماج کے مختلف طبقوں میں بھائی چارے کو فروغ ملے گا۔ اس موقعہ پر سینئر بی جے پی لیڈڑ کمل بخشی ، زونل ایجوکیشن افسر سورج پرکاش، انوپ کوتوال، کیول سرپنچ، یشپال شرما، مدن پردھان، سنجے شرما اور کوشل کمار نے بھی خطاب کیا۔