عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر حکومت نے پیر کو جموں و کشمیر کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کا حکم دیا۔اس سلسلے میں عمومی انتظامی محکمہ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک حکم نامہ کے مطابق اس موضوع پر جاری کیے گئے تمام سابقہ احکامات کی جگہ لے کرجموںوکشمیرکھادی اور ولیج انڈسٹریز بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی گئی ہے۔حکم نامہ کے مطابق نائب وزیر اعلیٰ اور صنعت و تجارت محکمہ کے وزیر سریندر کمار چودھری کو بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بورڈ کی موجودہ چیئرپرسن اورسینئر بی جے پی لیڈر ڈاکٹر حنا بٹ کی جگہ لی ہے۔انتظامی سیکرٹری خزانہ، انتظامی سیکرٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج ، انتظامی سیکرٹری صنعت و تجارت ، رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز جموں و کشمیر، ڈائریکٹر جنرل (کوڈز) محکمہ خزانہ، ڈائریکٹرایم ایس ایم ای ڈی ایل جموںوکشمیر،ڈائریکٹر انڈسٹریز اینڈ کامرس جموں، مشن ڈائریکٹر دیہی روزی رورل مشن جموںوکشمیر اور ڈائریکٹر انڈسٹریز اینڈ کامرس کشمیر بورڈ کے ڈائریکٹرکو مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر کئی مختلف حکم ناموں کے تحت سریندر چودھری کو ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کارپوریشن،جموںوکشمیر سیمنٹس لمیٹیڈ،جموںوکشمیر انڈسٹریز لمیٹیڈ،جموںوکشمیر سمال سکیل انڈسٹریز لمیٹیڈاور جموںوکشمیر سٹیٹ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا چیئرمین بھی مقرر کیاگیا ہے۔