محمد تسکین
بانہال// خراب موسم کے سبب سڑکوں کی بندش اور پروازوں کے معطل ہونے کے بعد، شری ماتا ویشنو دیوی کٹرہ اور سرینگر کے درمیان مسافروں کی غیر معمولی ہجوم کے پیشِ نظر ریلوے حکام نے 27اور 28جنوری کو ایک مخصوص ریزرو ٹرین چلانے کی تجویز دی ہے۔سرکاری نوٹیفکیشن ، جسے 24 جنوری کو جاری کیا گیا، کے مطابق اورجموں ڈویژن کے سینئرڈویژنل کمرشل منیجر کی ہدایات کے مطابق، یہ مخصوص ٹرین وندے بھارت ایکسپریس کے غیر چلنے والے راستے پر چلائی جائے گی تاکہ کٹرہ سرینگر کے مصروف ریلوے سیکشن میں ریلوے رابطہ جاری رہ سکے۔یہ ریزرو ٹرین کٹرہ ۔سرینگر۔کٹرہ کے درمیان چلائی جائے گی اور راستے میں بانہال پر ایک سٹاپ بھی ہوگا، تاکہ کم از کم دو ریلوے خدمات ان دنوں دستیاب رہیں۔ریلوے حکام نے ریلوے پروٹیکشن فورس سے درخواست کی ہے کہ مخصوص ریزرو ٹرین کے ہموار آپریشن کے لیے ضروری سیکیورٹی انتظامات فراہم کیے جائیں۔یہ اقدام پھنسے ہوئے مسافروں کو خاطر خواہ ریلیف فراہم کرے گا اور خراب موسم کے دوران کٹرہ سرینگر ریلوے کورڈور پر بھیڑ کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔