راجوری //راجوری ضلع کے کوٹرنکہ سب ڈویژں میں محکمہ صحت کی ٹیم نے لوگوں کو کووڈ ویکسین دینے کیلئے پانچ کلو میٹر کا پیدل سفر کیا جبکہ اس دوران دریا پر پل تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم کو دریا عبور کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا ۔بدھل کے گلیر گائوں میں محکمہ صحت کی جانب سے عام لوگوں کو کووڈ ویکسین دینے کا عمل شروع کیا گیا تاہم اس دوران سڑک و دیگر سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے محکمہ صحت کی ٹیم کو پیدل سفر کرنا پڑا ۔محکمہ صحت کی ٹیم کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں کچھ صارفین نے تصویر کو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا تاہم کشمیر عظمیٰ کو موصول ہو ئی تفصیل کے مطابق چھ ممبروں پر مشتمل ٹیم کو گائوں میں ویکسین لگانے کیلئے بھیجا گیا تھا تاہم گائوں دور دراز ہونے کی وجہ سے مذکورہ ٹیم کے اراکین کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا ۔پرائمری ہیلتھ سنٹر بدھل کے ڈاکٹروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مذکورہ ٹیم کو گائوں میں پہنچنے کیلئے پہل ایک دریا کو عبور کرنا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ دریا پر کوئی بھی پل تعمیر نہیں ہے جس کی وجہ سے میڈیکل ٹیم کو پیدل ہی سفرکرنا پڑا ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ٹیم اراکین نے پانچ کلو میٹر کا پیدل سفر کیا جس کے بعد وہ مذکورہ گائوں میں پہنچے ۔بلاک میڈیکل آفیسر کنڈی ڈاکٹر اقبال ملک نے بتایا کہ محکمہ صحت عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے پوری طرح سے کمر بستہ ہے جبکہ کووڈ سے بچائو کیلئے بڑے پیمانے پر ویکسین مہم شروع کی گئی ہے ۔