سرینگر //بھیڑ و پشو پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور انہیں بوڈر ائیریا ڈیولپمنٹ پروگرام سے وابستہ مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔انہوں نے جموں صوبہ کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کے مسائل سے بھی انہیں مطلع کیا۔کوہلی نے وزیر داخلہ سے کہا کہ سرحدی علاقوں میں شلنگ کی وجہ سے تعلیم اور سڑک رابطے متاثر ہوتے ہیں اور ان مسائل کو حل کرنے کے لئے ترجیحی اقدامات کرنے ہوں گے۔انہوں نے داخلہ وزیر سے اپیل کی کہ ان دو اضلاع میں سرحدی علاقوں میں طلباء کے لئے ایک سپیشل پیکیج فراہم کیا جائے ۔انہوں نے مرکزی معاونت والی سکیموں کے تحت خصوصی رقومات کی واگذاری کا بھی مطالبہ کیا۔ وزیر نے مرکزی وزیر کو خانہ بدوش لوگوں کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی مطلع کیا جو موسم بدلتے ہی ایک جگہ سے دوسری جگہ پیدل چل کر اپنے اہل وعیال اور مال و مویشیوں کے ساتھ ہجرت کرتے ہیں ۔کوہلی نے خانہ بدوش خاندانوں کے بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے موبائیل سکو ل فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ مرکزی وزیرداخلہ نے کوہلی کے مطالبات غور سے سنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام جائزمطالبات پر غور کیا جائے گااور حل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔
پروین نے خطہ پیر پنچال کے مسائل اجاگر کئے
مینڈھر//کانگریس کی ریاستی سکریٹری پروین سرور خان نے پارٹی کے دیگر لیڈران کے ہمراہ جموں میں آئے کانگریس کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کرکے خطہ پیر پنجال کے عوام کو درپیش مسائل کے بارے میں بات کی ۔یہاں جاری بیان کے مطابق پروین سرور خان نے وفد سے کہا کہ راجوری پونچھ میں تعمیر و ترقی کے کام رکے پڑے ہیں اور ریاستی سرکار نے خطہ پیر پنجال کے کاموں کے لئے فنڈز واگزار نہیں کئے ۔انہوں نے کہا کہ خطہ پیر پنجال میں بجلی، پانی اور سڑکوں کی حالت نہایت ہی خستہ ہے اور خطہ روز بروز تباہی کی طرف جا رہاہے۔انہوں نے وفد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور ریلوے لائن کاسروے کروا کے کام شروع کیا جائے تاکہ راجوری پونچھ کے لوگوں کو سہولیات میسر ہوسکیں۔ان کاکہناتھاکہ سرکار نے راجوری پونچھ کے لئے ہوئی سروس شروع کی ہے لیکن اس کاکرایہ بہت زیادہ ہے جو عام لوگوں کی برداشت سے باہر ہے ۔انہوںنے راجوری پونچھ کے لئے فور لین سڑک تعمیر کروانے کی مانگ کی اورکہا کہ ان اضلاع کیلئے بجلی کی خصوصی لائن دی جائے ۔