نئی دہلی//پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملے اور سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر کے مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔ انہوں نے جموں صوبہ کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کے مشکلات کے بارے میں بھی مرکزی وزیر کو روشنا س کیا۔کوہلی نے وزیر داخلہ کو سرحدی علاقوں میں شلنگ سے پیدا شدہ صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ تعلیم اور سڑک کے رابطے بہت حد تک متاثر ہوتے ہیں اور اس مسئلے کو حل کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ راجوری اور پونچھ کے سرحدی علاقوں میں رہنے والے طلبہ کے لئے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔کوہلی نے مرکزی معاونت والی سکیموں کے تحت خصوصی رقومات کی واگزاری کا بھی مطالبہ کیا تاکہ بنیادی ڈھانچے کو ہوئے نقصان کو وقت پر بہتر بنایا جاسکے ۔وزیر نے مرکزی وزیر کو خانہ بدوشوں کے مسائل کے بارے میں بھی مطلع کیا جو پید ل چل کر اپنے اہل خانہ اور مال مویشیوں کے ہمراہ ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوتے رہتے ہیں ۔ مرکزی وزیر نے کوہلی کے مطالبات غور سے سنے اور یقین دلایا کہ اُن کے جائز مطالبات پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ حلقہ انتخاب کالا کوٹ کا دورہ عنقریب کریں گے اور موقعہ پر سرحدی علاقوں کے لوگوں کے مسائل کا جائزہ لیں گے۔