راجوری//میونسپل کمیٹی راجوری کی طرف سے کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے تو لگایاجاتاہے مگر ایسی جگہ پر جہاں آبادی قریب ہوتی ہے جس وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کاسامناہے ۔حکام کی طرف سے ان دنوں کوڑ اکرکٹ نئے بس اڈہ پر جمع کردیاجاتاہے جس کی وجہ سے ملحقہ رہائشیوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ میونسپل کمیٹی راجوری کی طرف سے کوڑا کرکٹ کو نیو بس اسٹینڈ میں جمع کرنے سے منع کریں تاکہ عفونت سے چھٹکارا مل سکے اور بس اسٹےنڈ بھی اس مقصد کیلئے استعمال ہوسکے جس کی غرض سے اسے بنایاگیاتھا۔ جب اس ضمن میں ایگزیکٹوآفیسر میونسپل کمیٹی راجوری سے بات ہوئی تو انہوں نے کہا کہ شہر سے باہر کوڑا کرکٹ لیجانا ملازمین کے لئے ممکن نہیں جس کی وجہ سے مجبوراً نیوبس اسٹےنڈ پر کوڑا کرکٹ جمع کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی مناسب جگہ نہیں ہے لیکن میونسپل کمیٹی کی مجبوری ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر راجوری سے معقول جگہ کے متعلق بات کی گئی ہے جس پر دوروز بعد کام شروع ہونے کا امکان ہے اور پھر یہ کوڑا کرکٹ وہیں جمع کرکے ٹھکانے لگایاجائے گا۔