کوٹرنکہ //سب ڈویژنل کوٹرنکہ میں یوں تو سب کی سب سڑکیں خستہ حالی کا شکار ہیں اورسبھی کی تعمیر کی رفتار کچھوے کی چال چل رہی ہے لیکن محکمہ تعمیرات عامہ نے ایک بھی روڈ پر تارکول نہیں بچھایاجس سے اس کی کارکردگی کا پتہ چلتاہے ۔علاقے کی بیشتر سڑکوں کی تعمیر کی ذمہ داری محکمہ تعمیرات عامہ کے سر ہے لیکن ان سڑکوں پر گاڑیوں کو چلانا تو دور کی بات،گھوڑے بھی نہیں چل سکتے ہیں۔مقامی لوگوں میں سڑکوں کی ان حالت پر شدید غم و غصہ پایاجارہاہے ۔ انجینئر سجاد چوہدری کاکہناہے کہ جن سڑکوں پر کئی سال پہلے محکمہ نے کام شروع کیا تھا وہ ابھی تک تشنہ تکمیل ہیں اور ان پر کام کی رفتار کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ اگلے دس برسوں میں بھی یہ مکمل نہیں ہوسکیںگی۔انہوںنے کہاکہ ایسے افسران کو تبدیل کیاجائے جو کام نہیں کررہے اور خالی تنخواہیں وصول کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ افسوسناک بات ہے کہ حکام تماشائی بنے ہوئے ہیں اور محکمہ کے ملازمین و افسران کو ٹس سے مس نہیں ۔انہوںنے کہاکہ یہاںلوگوں نے سڑکوں کیلئے اپنی زمینیں تک دے دیں لیکن نہ ہی زمینیں رہیں اور نہ ہی بہتر سڑک روابط کی سہولت میسر ہوسکی ۔ان کاکہناہے کہ محکمہ کی کارکردگی مایوس کن ہے اور اس نے کوٹرنکہ چوک سے بڈھال پلی تک تارکول بچھایا تھاجو آج بالکل اکھڑ گیاہے ۔