ترال//جنوبی قصبہ ترال کے ڈاڈسرہ قصبہ میں کرایہ کے کمرے میں مقیم کورونا متاثر ہ غیر ریاستی مزدور دوران شب فرار ہو گئے ہیں۔ انتظامیہ نے انہیں ڈھونڈ نکالنے کیلئے کارروائی تیز کر دی گئی ہے ۔ ڈاڈسرہ میں چند روز قبل 18 غیر ریاستی مزدور کرایہ کے کمروں میں رہائش پذیر تھے۔ ان میں سے تین روز قبل 8 مزدوروں کے کوویڈ ٹیسٹ مثبت پائے گئے،جنہیں انتظامیہ کی جانب سے ایک الگ کمرے میں کورنٹین ہونے کی صلاح دی گئی تھی۔مقامی لوگوں نے انہیں کھانا وغیرہ پہنچانے کا فریضہ بھی انجام دیا تاہم 16 اور 17 مئی کی درمیانی شب ان8 مثبت مریضوں سمیت تمام 18 مزدور یہاںسے اپنا سامان وغیرہ سمیت فرار ہو گئے ۔اس واقعہ کے بارے میں مقامی لوگوں نے پولیس کو مطلع کردیا اور پولیس نے فوری طور پر انہیں تلاش کرنے کا عمل شروع کیا۔ پولیس نے دیگر متعلقہ پولیس اضلاع کو اس واقعہ کے بارے میں جانکاری دی ہے اور انتظامیہ نے بھی دیگر ضلع انتظامیہ کو باخبر کردیا ہے۔ انتظامیہ مذکورہ مزدوروں کا سراغ لگانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہی ہے۔