عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں جموں و کشمیر پولیس نے ایک ذہنی طور پر معذور خاتون کو گیارہ برس بعد اس کے اہلِ خانہ سے ملا کر ایک قابلِ تحسین انسانی خدمت انجام دی ہے۔پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق، پولیس اسٹیشن سرنکوٹ کی ٹیم نے ایک اہم انسانی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مسز لیلاوتی، ساکن دوْج اتر پردیش، کو اس کے خاندان سے دوبارہ ملا دیا، جو گزشتہ گیارہ برسوں سے اپنے گھر والوں سے جدا تھی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ خاتون کی جانب سے فراہم کردہ محدود معلومات کی بنیاد پر سرنکوٹ پولیس نے نہایت صبر و تحمل کے ساتھ تحقیقات کا آغاز کیا۔ پولیس ٹیم نے مختلف مقامات پر رابطے قائم کرنے کی کوششیں کیں اور دستیاب معلومات کا باریک بینی سے تجزیہ کیا۔مسلسل اور انتھک کوششوں کے بعد پولیس بالآخر خاتون کے اہلِ خانہ کا سراغ لگانے میں کامیاب ہوئی اور ان سے رابطہ قائم کیا گیا۔ اس عمل میں اتر پردیش پولیس نے بھی بھرپور تعاون اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا، جس سے یہ مشن کامیابی سے ہمکنار ہوا۔پولیس حکام کے مطابق، یہ کارروائی نہ صرف پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے بلکہ عوامی خدمت کے تئیں پولیس کے جذبہ، حساسیت اور لگن کو بھی ظاہر کرتی ہے۔مقامی عوام نے سرنکوٹ پولیس کی اس انسان دوست کوشش کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثالی اقدام قرار دیا ہے، جو سماج میں مثبت پیغام دیتا ہے۔