سرینگر// کورونا کی صورتحال کا احاطہ کرنے کیلئے آفات سماویٰ سے متعلق ریاستی سطح کی ایگزیکٹیو میٹنگ کے دوران جموں کشمیر کے چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم نے محکمہ صحت کو کورونا کی ممکنہ تیسری لہر سے نپٹنے کیلئے تجاویز سے متعلق کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی۔ اتوار کو چیف سیکریٹری کی سربراہی میں منعقدہ میٹنگ کے دوران کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں محکمہ صحت کو کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی گئی تاکہ کورونا وائرس کی ممکنہ تیسری لہر سے نپٹنے کیلئے اقدمات اٹھائے جانے سے کیلئے تجاویز حاصل کی جاسکیں۔ اس حوالے سے متعلقہ ضلع آفات سماویٰ حکام کو لازمی احکامات صادر کرنے کیلئے کہا گیا۔ میٹنگ میں موجودہ کورونا کرفیو میں 24مئی تک توسیع کرنے اور گائیڈ لائنز کو سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔میٹنگ میں محکمہ صحت کو ہدایت دی گئی کہ وہ وہ ہر ایک ضلع میں ٹیلی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ آشا ورکروں اور آنگن واڈی ورکروں کو تربیت دیکر کرونا سہولیاتی مراکز میں مدد دینے کیلئے تیار کرنے کی بھی ہدایت دی گئی،جبکہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ کورونا سے متعلق کاموں جن میں ٹیکہ کاری،ٹیسٹ،نگرانی اور معلومات کیلئے دستیاب عملہ کو استعمال کریں۔