کنگن//پولیس نے بمنہ سرینگر کے لاپتہ پی ایچ ڈی اسکالر کے چار دوستوں کو پوچھ تاچھ کیلئے پولیس سٹیشن کنگن طلب کیا ہے۔ واضح رہے کہ ہلال احمد ڈار ساکن بمنہ سرینگر، جو پی ایچ ڈی سکالر تھا ،ضلع گاندربل کے ناراناگ کنگن میں اپنے چار دوستوں کے ہمراہ ٹریکنگ کے دوران13 جون 2020 کو لاپتہ ہوگیا تھا ۔ اس کے چار دوست اسی شام گھر واپس لوٹ آئے لیکن ہلال احمد واپس نہیں لوٹا۔اسکے رشتہ داروں اور اہلخانہ نے انہیںہر جگہ تلاش کیا لیکن اس کا کہیں پر کوئی سراغ نہیں ملا ،جس کے بعد سکالر کی گمشدگی کے بارے میں اس کے رشتہ داروں اور اہلخانہ نے کئی بار احتجاج بھی کیا۔پولیس نے پچھلے سال کئی بار اس بات کا دعویٰ کیا تھا کہ ہلال احمد جنگجوئوں کی سفوں میں شامل ہوا ہے لیکن اس بارے میں کوئی ٹھوس اطلاعات فراہم نہیں ہوسکیں۔پولیس ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ لاپتہ سکالر کے اہل خانہ کی جانب سے بار بار کی جانے والی درخواستوں پر پولیس نے جمعہ کو سکالر کے اُن چار دوستوں کو پوچھ تاچھ کیلئے پولیس سٹیشن کنگن طلب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تمام چار افراد پر نارکو انالیسز ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ یہ ٹیسٹ مغربی ریاست گجرات میں کیے جائیں گے۔ پولیس نے بتایا کہ سکالر کے چاروں دوستوں کو نارکو ٹیسٹ کے لئے گجرات لے جایا جائے گا اور ایک پولیس ٹیم انکے ہمراہ آج یعنی سنیچر کو گجرات روانہ ہوگی۔