پونچھ//گزشتہ دنوں پاکستانی زیر انتظام کشمیرسے ایک کمسن بچہ اتفاقاً کنٹرول لائن عبور کر کے ہندوستان کے زیر انتظام علاقہ میں داخل ہو گیا تھا، اسے بدھ کو پاکستان واپس بھیج دیا گیا۔24جون کو 11سالہ محمد عبداللہ ولد سرفراز ساکن دیگوار تحصیل ،ضلع حویلی پاکستانی زیر انتظام کشمیر حدمتارکہ عبور کر کے پونچھ سیکٹر میں داخل ہو گیا۔ فوج نے بچے سے پوچھ تاچھ کے بعد اسے پولیس کے حوالہ کیا۔ بچے کی طرف سے دئیے گئے متضاد بیانات کی وجہ سے اگر چہ سیکورٹی ایجنسیاں الجھن میں رہیں اور اس کے بارے میں مزید تحقیقات کی گئی تاہم کوئی بھی قابل اعتراض ثبوت نہ ملنے پر پولیس نے بچے کی واپسی کیلئے قانونی لوازمات پورے کئے اور اس سلسلہ میں سرحد پار حکام سے رابطہ قائم کرنے کے بعد بدھ کو بعد دوپہر 2:30بجے اسے چکاں دا باغ سے پاکستان زیر انتظام کشمیر کے حکام اور اس کے لواحقین کے سپرد کر دیا گیا۔ دریں اثنا فوج کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ محمد عبداللہ کو انسانی بنیادوں کے علاوہ پاکستان اور ہندوستان کے مابین اعتماد سازی اعتماد کو مزید تقویت بخشنے کیلئے رہا کیا گیا ہے ۔فوج کی جانب سے کمسن عبداللہ کو نئی پوشاک اور مٹھائیوں کا تحفہ بھی دیا گیا۔