عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سیکریٹری ترون چگ نے منگل کے روز زیارت شاہدرہ شریف کا دورہ کیا جہاں ان کے ساتھ بی جے پی کے یوٹی صدر رویندر رینہ، ڈی ڈی سی درہال اقبال ملک، بزرگ لیڈر چوہدری طالب حسین، ضلع صدر دنیش شرما، ڈی ڈی سی ممبر عبدالقیوم میر اور منڈل پردھان زاہد احمد قریشی کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اننت ناگ راجوری پارلیمنٹ سیٹ سے ہم خیال اور حب الوطنی سے سرشار اس امیدوار اور اس کی پارٹی کی حمایت کرے گی جو این ڈی اے میں شامل ہونے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ لہٰذا بیٹ بلے پر مہر لگائیں اور نامزد امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں ۔ انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ کنبہ پروری کی سیاست نے جموں کشمیر کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کر دیا ہے لہٰذا لوگ اپنے ان وعدوں کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں جو انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی سے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی بھی لوگوں سے کیے ہوئے وعدوں کو وفا کرنے کی وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ لوگ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حمایت والے امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب کر کے پارلیمنٹ میں بھیجیں تاکہ ان کے جائز مطالبات کا ازالہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں پتھر بازی اور انسانی حقوق کی پامالیاں قصہ پارینہ بن کر رہ گئی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں رویندر رینہ نے پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی فوج کی جانب سے نہتے عوام پر بربریت پر انتہائی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کی جانب سے نہتے عوام پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے گئے ہیں جو حکومت سے اپنے حقوق کا مطالبہ کر رہے تھے۔