سرنکوٹ//جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز سب آفس راجوری کے زیر اہتمام سرنکوٹ کے صدر مقام پر محرم الحرام کے سلسلہ میں نعتیہ مشاعرہ منعقد کیا گیا جس کی صدارت حسام الدین بیتاب نے کی ۔اس موقعہ پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے ادیب نذیر قریشی نے شرکت کی۔اس نعتیہ مشاعرہ کا آغاز حفیظ الرحمن نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ اکیڈمی کے کلچر ر افسر چوہدری پرویز اقبال نے خطبہ استقبالیہ میں تمام شرکاء کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی کی جانب سے اس مقدس مہینے میں ہر سال محرم الحرام کے دورا ن نعتیہ مشاعرہ منعقد کیا جاتا رہا ہے اوریہ سلسلہ جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش رہتی ہے کہ ان مشاعروں کے ذریعے نوجوان نسل کو اس طرف مائل کیا جائے۔ بعد از آں یکے بعد دیگرے شعرائے کرام نے اپنا نعتیہ کلام پڑھ کر دا دوتحسین حاصل کی۔مشاعرے کے دوران جن شعرائے کرام نے اپنا کلام پیش کیا ان میں حسام الدین بیتاب، بابو نور محمد نور،محتشم احتشام، قربان شہباز، مستور شاد، عظمت جعفری، جنت سلیم، محمود طاہر، ایاز سیف، صدیق احمد صدیقی ،محمد اکرم قاضی، غنی پردیسی، مقصود نقش بند، اعجاز خان، شریف مرہوٹی قابل ذکر ہیں۔ نذیر قریشی نے کہا کہ نعمت رسولِ مقبول کی محفل سجانا یقیناً عبادت ہے اور وہ اکیڈمی کی ان کوششوں کی سراہنا کرتے ہیں۔ حسام الدین بیتاب نے تمام شعراء کرام کے نعتیہ کلام کو داد و تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اکیڈمی کے کلچر ر افسر کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ مستقبل میں بھی ضلع پونچھ میںمشاعرے منعقد کرتے رہیں گے۔ مشاعرہ کے دوران حفیظ الرحمن صفدر نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔اس موقعہ پر شوکت نسیم، امجدعلی ،شکیل چوہدری اور اکیڈمی کے دیگر عہدیداران بھی موجو دتھے ۔