جموں/ گورنر این این ووہرا جو کشمیر یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں کی صدارت میں راج بھون میں کونسل کی 79ویں میٹنگ منعقد ہوئی۔ تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔کونسل نے این آئی آر ایف کی طرف سے کی گئی رینکنگ میں ملک کی 100یونیورسٹیوں میں 47واں مقام حاصل کرنے کے لئے وائس چانسلر پروفیسر خورشید اقبال اندرابی ، فیکلٹی اور طلاب کو مبارک باد دی ۔چانسلر نے وائس چانسلر سے کہا کہ وہ دستیاب آئی سی ٹی ٹیکنالوجی کو مکمل طور سے بروئے کار لائیںتاکہ یونیورسٹی طلاب اور فیکلٹی کو آن لائن ایجوکیشن وسائل کے ساتھ جوڑا جاسکے ۔یونیورسٹی کونسل نے ایل ایل بی اور بی اے ایل ایل بی پروگراموں کے دو سیلف فائنانسڈ نشستوں ، کشمیری شعبے میں ٹرانسلیشن سینٹر کے قیام اور کئی دیگر امور کو منظوری دی ۔ا س سے قبل پروفیسر خورشید اقبال اندرابی نے ریاست میں تحقیق او رٹیکنالوجی کے شعبے میں حصولیابیوں کا خاکہ پیش کیا۔مجموعی طور پر کونسل نے 42 ایجنڈا نکات پر تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ میں گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ، پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اصغر حسن سامون ، یونیورسٹیوں کے فائنانشل ایڈوائزر نوین کمار چودھری ، پرنسپل سیکرٹری پلاننگ و ترقی روہت کنسل ، جموں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر آر ڈی شرما، وی سی کلسٹر یونیورسٹی سرینگر پروفیسر شیخ جاوید احمد، وی سی کلسٹر یونیورسٹی جموں پروفیسر انجو بھسین کے علاوہ کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔