جموں//شہری ہلاکتوں کے خلاف اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مختلف تنظیموں اور بھارتیہ جنتا یووا مورچہ نے جموں شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے۔بی جے پی کے سینئر لیڈر یدھویر سیٹھی کی قیادت میں بی جے وائی ایم کے ارکان نے کشمیر میں چنندہ ہلاکتوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔شہری ہلاکتوں کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے سیٹھی نے کہا کہ اقلیتوں کو نشانہ بنا کر کشمیر میں 90 کی دہائی کی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی کشمیر میں جاگ جائے اور شہریوں کے قتل کے واقعات کی مخالفت کرے۔دریں اثنا ، شیوسینا بالا صاحب ٹھاکرے کے ارکان نے بھی گزشتہ کئی دنوں سے کشمیر میں شہریوں اور غیر مقامی لوگوں کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کیا۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ نہ کھیلے۔ انہوں نے قتل کو اقلیتی برادریوں کو نشانہ بنانے کی سازش قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اس قتل کے خلاف لوگوں میں غصہ ہے۔ اسی طرح کے احتجاج کا اہتمام ہندوستان شیو سینا نے کیا تھا۔