عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// وادی کشمیر میں شدید برفباری اور تیز ہوائوں کے باعث بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں بیشتر اضلاع میں مکمل یا جزوی بریک ڈائون کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔برفباری کی پیش گوئی کے پیش نظر کشمیری پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ نے ہائی لینڈ اور دیہی علاقوں میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کے متاثر ہونے کے بعد فوری بحالی کے اقدامات شروع کر دیے ۔کے پی ڈی سی ایل بیان کے مطابق، کشمیر ڈویژن کے مختلف علاقوں میں شدید تیز ہواؤں، مسلسل بارش اور بھاری برفباری کے باعث بجلی کی طلب میں غیر معمولی کمی دیکھنے کو آئی اور بجلی کا لوڈ تقریباً 10جے شام کو 93میگاواٹ تک گر گیا، جو معمول کے اوسط لوڈ تقریباً 1650میگاواٹ کے مقابلے میں انتہائی کم تھا۔22اور 23جنوری کی درمیانی رات کو 33کے وی اور 11کے وی کے مختلف فیڈروں میں تیز ہواؤں کے سبب نقصانات کے باعث لوڈ اچانک کریش کر گیا۔ گھروں کی چھتیں اُڑ کر 33/11کے وی لائنوں پر گرنے سے مزید نقصان اور لائنوں پر رکاوٹ پیدا ہوئی۔سب ٹرانسمیشن سطح پر 135میں سے 103لائنیں متاثر ہوئیں، یعنی تقریباً 24فیصد نیٹ ورک فعال رہا۔ ڈسٹری بیوشن سطح پر 1302میں سے 1275،11کے وی فیڈر ڈاؤن یا خرابی کا شکار تھے۔محکمہ بجلی کے مطابق صبح سویرے بحالی کا عمل شروع ہو گیا اور مینیجنگ ڈائریکٹر/چیف انجینئر کی قیادت میں تمام سطحوں پر نگرانی جاری رہی۔ شام 6بجے تک تقریباً 80فیصد نیٹ ورک بحال ہو گیا اور سٹیٹ لوڈ ڈسپیچ سینٹرنے 1050میگاواٹ لوڈ ریکارڈ کیا، جس میں ضروری اور اہم تنصیبات کو ترجیح دی گئی۔شدید برفباری اور تیز ہواؤں سے خاص طور پر شوپیاں، کولگام، بارہمولہ اور بڈگام میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔ ان علاقوں کے بلند مقامات پر تقریباً 4.5فٹ برف بچھنے کی وجہ سے بحالی کے کام بھی متاثر ہوئے اور گاڑیوں کی نقل و حمل شدید متاثر ہوئی۔ زیادہ متاثرہ علا قوں میںکولگام ضلع کے ڈی ایچ پورہ، کنڈ، مالوان، برانل۔لامڑ،شوپیاںضلع کے سیدھو، ریشی نگری، ہیرپورہ، کپرن، کچھڈورا اور بڈگام ضلع کے خانصاحب، بیروہ، دودھ پتھری، یوسمرگ علاقے شامل تھے۔مزید برآں، شِیری میںدلنہ -لور جہلم پن بجلی پروجیکٹ 132کے وی ٹرانسمیشن لائن کے ٹاور کے نقصان نے بجلی کی بحالی میں رکاوٹ پیدا کی، جسےجے کے پی ٹی سی ایل (کشمیر) نے ایمرجنسی ریسٹوریشن سسٹم کے ذریعے بحال کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔کے پی ڈی سی ایل کا کہناہے کہ عملہ و مشینری کو متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر تعینات کر دیا گیا ہے اور وادی کے تمام علاقوں میں بجلی کی بحالی مکمل کرنے کے لیے کام جاری ہے۔