کشتواڑمیں کورونا کرفیوبدستور جاری ، صبح کے وقت بھاری بھیڑ | پولیس نے خلاف ورزیوں کی نگرانی کیلئے ڈرون کیمروں کا استعمال کیا

کشتواڑ//ضلع کشتواڑ انتظامہ کی جانب سے لگاے گے ہفتہ وار کرونا کرفیو سنیچر کو بھی جاری رہا جس دوران آج بھی پولیس نے سخت بندشیں عائد کیں۔ وہی آج بھی بازاروں میں نرمی برتنے کے ساتھ ہی لوگوں کی بھاری بھیڑ دیکھنے کو ملی۔ اگرچہ آج بھی سبزی، پھل، مرغ، گوشت، بیکری ، دودھ و کریانہ کی دوکانوں کو دس بجے تک کھولنے کی اجازت تھی تاہم اسکے بعد بھی بازاروں میں لوگوں کی بھاری بھیڑ دیکھی گئی۔ لیکن دس بجتے ہی پولیس نے سبھی دوکانیں بند کرائی اور لوگوں کو واپس گھروں میں جانے کو کہا جسکے کے بعد پولیس نے سختی کرتے ہوئے کئی مقامات پر خارار تاریں لگائیں اور لوگوں کے چلنے پر قدغن لگائی جبکہ گاڑیوں کو پوچھ تاچھ کے بعد چلنے کی اجازت دی جانے لگی۔ قصبہ میں آج بھی ادویات کی دکانیں دن بھر کھلی رہیں جبکہ دیگر دوکانیں ، تجاراتی مراکز ،ٹرانسپورٹ آج بھی مکمل بند رہا۔ قصبہ کے ساتھ ضلع کے دیگر علاقہ جات میں بھی کرونا کرفیو مسلسل جاری ہے۔ کشتواڑ کے چھاترو ، مغل میدان، پاڈر ، ٹھکرائی ، درابشالہ ، بونجواہ و دیگر علاقوں میں بھی کرونا کرفیو کا نفاد عمل میں لایا گیاتھا جس دوران تمام تر تجارتی مراکز دس بجے کے بعد بند رہے۔ وہیں پولیس نے آج کرونا کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں پر مزید شکنجہ کستے ہوئے ڈرون کیمروں کا استعمال شروع کیا۔ ایس ایس پی کشتواڑ نے بس اسٹینڈ میں ڈرون کیمرے کے ذریعے گڑھالی چوک و دیگر گلی کوچوں میں خلاف ورزی کرنے والوں پر ڈرون سے نگرانی کی۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ بلاجواز گھروں سے باہر نہ نکلیں اور خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت کاروائی عملائی جائے گی۔